Live Updates

شاہ محمود قریشی کی وزیر خارجہ بننے سے معذرت، وزیراعلی پنجاب کا عہدہ سنبھالنے کی خواہش کا اظہار

عمران خان کی زیر صدارت تحریک انصاف کی مشاورت کے دوران شاہ محمود قریشی نے پنجاب کی وزارت اعلی دینے کی درخواست کردی

muhammad ali محمد علی جمعہ 27 جولائی 2018 21:47

شاہ محمود قریشی کی وزیر خارجہ بننے سے معذرت، وزیراعلی پنجاب کا عہدہ ..
اسلام آباد(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔27جولائی 2018ء) شاہ محمود قریشی کی وزیر خارجہ بننے سے معذرت، وزیراعلی پنجاب کا عہدہ سنبھالنے کی خواہش کا اظہار، عمران خان کی زیر صدارت تحریک انصاف کی مشاورت کے دوران شاہ محمود قریشی نے پنجاب کی وزارت اعلی دینے کی درخواست کردی۔ تفصیلات کے مطابق حکومت سازی کے حوالے سے پنجاب اہم ترین صوبہ بن چکا ہے۔

صورتحال یہ ہے کہ مسلم لیگ ن کی پاس عددی اکثریت تو موجود ہے مگر انکی نشستوں کی تعداد129 ہو چکی ہے جبکہ پاکستان تحریک انصاف کی نشستوں کی تعداد 122 تک جا پہنچی ہے ۔جبکہ آزاد امیدواروں کی تعداد 25 تک جا پہنچی ہے۔اب اس حوالے سے پنجاب میں حکومت سازی کے لیے مسلم لیگ ن اور پاکستان تحریک انصاف میں بڑا میچ پڑ سکتا ہے ۔اس ساری صورتحال میں پنجاب اسمبلی کے لیے منتخب ہونے والے آزاد امیدواروں کا کردار انتہائی اہم ہو چکا ہے۔

(جاری ہے)

پنجاب میں حکومت کون بنائے گا اس کا فیصلہ آزاد امیداروں کی شمولیت طے کرے گی۔تاہم اس حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کا دعویٰ ہے کہ 18 آزاد امیدواروں سے انکے معاملات طے پا گئے ہیں جس کے بعد مسلم لیگ ن کے ساتھ مل کر پنجاب میں تحریک انصاف کی حکومت کے لیے راہ ہموار ہو چکی ہے۔اس ساری صورتحال میں دونوں جماعتوں یعنی مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف کی جانب سے ممکنہ وزیر اعلیٰ کے نام پر غور شروع کر دیا گیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے شاہ محمود قریشی نے وزیراعلی پنجاب بننے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ شاہ محمود قریشی کو اس سے قبل وزیر خارجہ بنائے جانے کی خبریں سامنے آئی تھیں، تاہم انہوں وزارت خارجہ کا عہدہ سنبھالنے سے معذرت کرلی ہے۔ بنی گالہ میں جاری عمران خان کی زیر صدارت تحریک انصاف کی مشاورت کے دوران شاہ محمود قریشی نے خود عمران خان سے گزارش کی کہ انہیں پنجاب کے وزارت اعلی کا عہدہ دیا جائے۔ تاہم شاہ محمود قریشی کو وزیراعلی پنجاب بننے کیلئے کسی صوبائی نشست پر ضمنی الیکشن لڑ کر فتح حاصل کرنا ہوگی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات