سندھ کے انتخابی نتیجے پر ڈاکہ ڈالا گیا کراچی سے قومی کی 8اور صوبائی کی16نشستوں کو چھینا گیا،مفتی غوث بغدادی

رائے دہند گان کے فیصلے کو تبدیل کرنے سے بیلٹ کے بجائے بلٹ کلچر کی راہ ہموار ہوگی جوپاکستان کیلئے بہتر نہیں

جمعہ 27 جولائی 2018 23:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جولائی2018ء) تحریک لبیک پاکستان سندھ کے امیرمفتی غلام غوث بغدادی نے کہا ہے کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں رات کی تاریکی میں عوام کے ووٹوں پر ڈاکہ ڈال کر کراچی سے ہماری جیتی ہوئی قومی اسمبلی کی آٹھ اور صوبائی اسمبلی کی16نشستوں کی فتح کو شکست میں تبدیل کرکے کراچی میں مصنوعی انتخابی نتیجہ دیا گیاہے،جسے اہلیان کراچی قبول کرنے کیلئے تیار نہیں ہیں،تحریک لبیک پاکستان کی مرکزی مجلس شوری کا ہنگامی اجلاس لاہور میںتحریک لبیک پاکستان کے قائد امیر المجاہدین شیخ الحدیث علامہ خادم حسین رضوی کی صدارت میں گذشتہ شب سے تاحال جاری ہے،جسمیں ملک بھر کے انتخابی تنائج اور اس سے پیدا ہونے والی صورتحال پر تفصیلی غوروخوص کیا جارہا ہے،اجلاس میں کیئے گئے فیصلوں کے مطابق ہم اپنے آئندہ لائحہ عمل کا اعلان کریں گے،وہ جمعرات کو رضوی ہائوس کارساز میں کراچی سے قومی اور صوبائی حلقوں سے تحریک لبیک کے نامزد امیدواروں اور انتخابی کمیٹیوں کے ذمہ داروں کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے،اجلاس میں تحریک لبیک کے امیدوارو نے اپنے اپنے حلقوں میں اپنے اور اپنے چیف پولنگ ایجنٹس،پولنگ ایجنٹس بالخصوص خواتین پولنگ ایجنٹس کے ساتھ الیکشن کمیشن کے عملے کیجانب سے نارواسلوک اور انتخابی قوانین کیخلاف ورزیوں پر مشتمل شکایات اور مسائل سے آگاہ کیا،مفتی غلام غوث بغدادی نے کہا کہ سندھ کے مصنوعی انتخابی نتائج نے عوام کی چیخیں نکال دی ہیں،اور یہ عمل رائے دہندگان کی بڑی توہین ہے اس سے بیلٹ کے بجائے بلٹ کلچر کی راہ ہموار ہوگی،پاکستان کسی بھی صورت میں ایسی صورتحال کامتحمل نہیں ہوسکتا ہے،ہم نے شدید تحفظات کے باوجود تحریک لبیک پاکستان کی طرح پاکستان بچائو تحریک میں حصہ لیتے ہوئی2018ء کے انتخابات میں مروجہ قوانین کے تحت انتخابات میں بھر پور حصہ لیا اور لاکھوں ووٹروں کو پولنگ اسٹیشن تک لیکر آئے لیکن ان ووٹروں کی رائے کو عالمی طاقتوں کی مرضی اور خواہش پر قربان کردیا گیا،یہ صورتحال محبان وطن اور غلامان رسول کیلئے حیران کن ہی نہیں تشویش ناک ہے اور کراچی کو ایک بار بھر ریموٹ کنٹرول کے ذریعے چلانے کے تجربے کے نتیجے میں نیشنل ایکشن پلان کیلئے کی جانے والی کوشیشوں کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے،رات کو سو فیصد خواتین پولنگ ایجنٹس کو فارم45دیئے بغیر ہراساں کرکے بغیر گنتی پولنگ اسٹیشن سے نکال دیا گیا ہمیں نہیں معلوم خواتین کے ووٹوں کی گنتی کہاں اور کس کے سامنے ہوئی پریزایڈنگ افسران نے خواتین ووٹوں کی تعداد اور مرد پولنگ ایجنٹوں کو خود دی جو شفاف انتخابی عمل پر بہت بڑا سوالیہ نشان ہے،انہوں نے اس موقع پر رضوی ہائوس کے باہر جمع ہزاروں کارکنان سے بھی اجلاس کے بعد مفتی غلام غوث نے مختصر خطاب کیا اور کہا کہ وہ اور ان کے قائد علامہ خادم حسین رضوی کارکنان کے جذبات سے بخوبی واقف ہیں لیکن ہم نے اپنے امید وارون کی کامیابی کیلئے نہیں بلکہ محمد عربی کے دین کو تخت پر لانے کیلئے طاغوتی اور شیطانی قوتوں کے مقابلے میں انتخاب میں حصہ لیا ہے،انتخابی نتائج کی تبدیلی کے بعد تمام تر صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد انشاء اللہ قائدین کا فیصلہ فتح مبین کیلئے ہوگا لہذا کارکن مشتعل ہونے کے بعد پر امن رہیں اور قائدین کی کال کاانتظار کریں۔

(جاری ہے)

جس کے بعد کارکن لبیک لبیک کے نعرے لگاتے ہوئے پرُامن طور پر منتشر ہوگئے۔