ایف آئی اے نے آصف زرداری کو طلب کرلیا

ایف آئی اے نے منی لانڈرنگ کیس میں آصف زرداری اور فریال تالپور کو طلب کرلیا

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس ہفتہ 28 جولائی 2018 00:39

ایف آئی اے نے آصف زرداری کو طلب کرلیا
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 جولائی2018ء) سابق صدر آصف علی زرداری اور انکی ہمشیرہ فریال تالپور کو ایف آئی اے نے طلب کرلیا۔تفصیلات کے مطابق سابق صدر آصف زرداری اپنے قریبی ساتھی حسین لوائی کی گرفتاری کے بعد شکنجے میں آ چکے ہیں۔الیکشن سے قبل ایف آئی اے نے حسین لوائی کے خلاف مقدمی درج کرلیا تھا۔مقدمے کے متن کے مطابق آصف زرداری اور فریال تالپورکی کمپنی بھی منی لانڈرنگ سے فائدہ اٹھانے والوں میں شامل ہے، زرداری گروپ نے ڈیڑھ کروڑ روپے کی منی لانڈرنگ کی رقم وصول کی۔

مقدمے میں اومنی گروپ کے مالک انور مجید کی کمپنیوں کا بھی ذکر ہے۔ منی لانڈرنگ سے فائدہ اٹھانے والوں میں نزلی مجید، نمرہ مجید، عبدالغنی مجید شامل ہیں۔ ابتدائی طور پر 10 ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے، جس میں چئیرمین سمٹ بینک نصیر عبداللہ لوتھا، عبدالغنی مجید، اسلم مسعود، محمد عارف خان، نورین سلطان، کرن امان، عدیل شاہ راشدی، طحہ رضا نامزد ملزمان ہیں۔

(جاری ہے)

منی لانڈرنگ سے فائدہ اٹھانے والی کمپنیوں اور افراد کو سمن جاری کرتے ہوئے وضاحت طلب کرلی گئی ہے۔اس حوالے سے تازہ ترین خبر یہ ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری اور انکی ہمشیرہ فریال تالپور کو ایف آئی اے نے طلب کرلیا۔دوسری جانب سندھ ہائی کورٹ میں آصف علی زرداری، فریال تالپور، حسین لوائی اور دیگر کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کے شریک ملزم شیر محمد کی حفاظتی ضمانت منظور کرلی۔

سندھ ہائی کورٹ میں منی لانڈرنگ کیس میں شریک ملزم شیر محمد مغیری کی حفاظتی ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی جہاں عدالت نے شیر محمد مغیری کی حفاظتی ضمانت منظور کر لی،شیر محمد مغیری کی دو لاکھ کے عوض 7روز کے لئے منظور کی گئی۔ عدالت نے شیر محمد مغیری کو 7روز کے دوران متعلقہ عدالت میں پیش ہونے کا حکم بھی دیا۔ منی لانڈرنگ کیس میں فریال تالپور اور شہزاد جتوئی بھی حفاظتی ضمانت حاصل کر چکے ہیں۔