Live Updates

نوجوت سنگھ سدھو نے بھی عمران خان کے بہترین کردار کی گواہی دیدی

عمران مشکل وقت میںکسی کو قربانی کا بکرا نہیں بنائیں گے : سابق بھارتی کرکٹر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 28 جولائی 2018 13:00

نوجوت سنگھ سدھو نے بھی عمران خان کے بہترین کردار کی گواہی دیدی
امرتسر(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔28جولائی 2018 ء) سابق بھارتی کرکٹرنوجوت سنگھ سدھو نے مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کے ممکنہ وزیر اعظم عمرا ن خان کی تعریفوں کے پل باندھ دیئے۔ تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں 25جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف نے عمران خان کی زیر قیادت قومی اسمبلی کی 269میں سے 119 نشستیں حاصل کرکے اس وقت حکومت بنانے کے لیے اپنی پوزیشن انتہائی مضبو ط کرلی ہے جب کہ سابق کپتان ملک کے 19ویں ممکنہ وزیر اعظم بھی ہوں گے ۔

عمرا ن خان کے وزیر اعظم بننے کو بھارتی میڈیا پر بھی بہت دلچسپی سے دیکھا جارہا ہے اور ایک بھارتی ٹی وی چینل نے عمران خان کے وزیر اعظم بننے کے حوالے سے سابق کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو سے گفتگو میں ان سے لیجنڈری آل راﺅنڈر کے حوالے سے استفسار کیا جس پر نوجوت سنگھ سدھو کاکہنا تھا کہ عمران خان بہترین لیڈرہیں، وہ سسٹم کوکچھ دینے آئے ہیں،لینے نہیں آئے ، وہ پاکستان کی ڈوبتی معیشت کوبچائیں گے اور مشکل وقت میں کسی کوقربانی کابکرانہیں بنائیں گے۔

(جاری ہے)

نوجوت سنگھ سدھو کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان نیک ،پاک اورپاکیزہ ہیں جو ہمیشہ جوڑنے کی بات کریں گے توڑنے نہیں۔یاد رہے کہ قومی اسمبلی میں تحریک انصاف 119 نشستیں جیت کر ایوان زیریں کی سب سے بڑی جماعت بن کر سامنے آئی ہے، مسلم لیگ (ن) 62 نشستوں کے ساتھ دوسری جب کہ پیپلز پارٹی 43 کے ساتھ تیسری بڑی جماعت بن کر ابھری ہے، متحدہ مجلس عمل کی قومی اسمبلی میں 12، مسلم لیگ (ق)5، ایم کیو ایم پاکستان 6 ، جی ڈی اے 2 جب کہ عوامی مسلم لیگ، پاکستان تحریک انسانیت، اے این پی اور بی این پی کا ایک ایک امیدوار کامیاب ہوا ہے، دوسری جانب 12 آزاد امیدوار قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات