مذہبی جماعتوں کو 46 لاکھ 74 ہزار 545 ووٹ ملے

صوبہ پنجاب میں سب سے زیادہ اٹھارہ لاکھ انسٹھ ہزار ایک سو اٹھانوے ووٹ پڑے

ہفتہ 28 جولائی 2018 14:06

مذہبی جماعتوں کو 46 لاکھ 74 ہزار 545 ووٹ ملے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جولائی2018ء) 2018 کے عام انتخابات میں ملک بھر میں مذہبی جماعتوں کو مجموعی طور پر چھیالیس لاکھ چوہتر ہزار پانچ سو پینتالیس ووٹ ملے ۔ اعداد و شمار کے مطابق مذہبی جماعتوں کو صوبہ پنجاب میں سب سے زیادہ اٹھارہ لاکھ انسٹھ ہزار ایک سو اٹھانوے ووٹ پڑے۔تفصیلات کے مطابق ملک میں 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں کئی مذہبی جماعتوں نے حصہ لیا، مذہبی جماعتوں نے پاکستان کے تمام صوبوں بشمول اسلام آباد سے مجموعی طور پر چھیالیس لاکھ چوہتر ہزار پانچ سو پینتالیس ووٹ حاصل کئے۔

اعداد و شمار کے مطابق مذہبی جماعتوں نے صوبہ پنجاب سے سب زیادہ ووٹ حاصل کئے ،ْپنجاب میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 55سے حلقہ این اے ایک سو پچانوے تک مذہبی جماعتوں کو ملنے والے ووٹوں کی تعداد اٹھارہ لاکھ انسٹھ ہزار ایک سو اٹھانوے ہے۔

(جاری ہے)

پنجاب کے بعد خیبرپختونخوا نے مذہبی جماعتوں کو سب سے زیادہ ووٹ دئیے، خیبر پختون خواہ میں این اے ایک سے این اے 51 تک مذہبی جماعتوں نے تیرہ لاکھ سینتالیس ہزار تین سو سرسٹھ ووٹ حاصل کئے۔

اسی طرح صوبہ سندھ میں این اے ایک سو چھیانوے سے این اے دو سو چھپن تک مذہبی جماعتوں نے گیارہ لاکھ چوبیس ہزار سینتالیس جبکہ بلوچستان میں این اے دو سو ستاون سے دو سو بہتر تک تین لاکھ چار ہزار ایک سو انتیس ووٹ حاصل کئے۔عام انتخابات 2018 میں اسلام آباد کے قومی ا سمبلی کے تین حلقوں این اے باون ، تریپن اور 54 سے مذہبی جماعتوں کو ملنے والے ووٹوں تعداد انتالیس ہزار آٹھ سو چار ہے۔