Live Updates

محمد زبیر کا مستعفی ہونے کا فیصلہ ،منیر کمال کو نیا گورنر سندھ بنائے جانے کا امکان

گورنر سندھ نے استعفیٰ دینے کا فیصلہ الیکشن کی بے حسی کیخلاف بطور احتجاج کیا ،آج پریس کانفرنس میں باقاعدہ اعلان کرینگے،ذرائع منیر کمال پاکستان سٹاک ایکس چینج کے سابق چیئرمین، اسد عمر اور محمد زبیر کے بھائی ہیں ،چائنیز سرمایہ کاروں کیساتھ تعلقات مثالی ہیں پی ٹی آئی کے کچھ رہنما ؤں کی پارٹی کے مرکزی رہنما نعیم الحق کو بھی گورنر سندھ بنانے کیلئے لابنگ ،زیادہ تر رہنماؤں نے منیر کمال کی حمایت کردی

ہفتہ 28 جولائی 2018 18:34

محمد زبیر کا مستعفی ہونے کا فیصلہ ،منیر کمال کو نیا گورنر سندھ بنائے ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جولائی2018ء) گورنر سندھ محمد زبیر کی جانب سے استعفیٰ دیئے جانے کے فیصلے کے بعد پاکستان تحریک انصاف نے ان کے بھائی پاکستان اسٹاک ایکس چینج کے سابق چیئرمین منیر کمال کو گورنر سندھ بنانے کے لیے مشاورت شروع کردی ہے اور امکان ہے کہ آئندہ چند روزمیں ان کی تقرری کا باقاعدہ اعلان کردیا جائے گا ۔

ذرائع کے مطابق گورنر سندھ محمد زبیر نے مستعفی ہونے کا فیصلہ کرلیا ہے اور وہ آج (اتوار) پریس کانفرنس میں اس کا باقاعدہ اعلان کریں گے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ محمد زبیر نے مستعفی ہونے کا فیصلہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کی دوبارہ گنتی کی درخواستیں مسترد ہونے اور الیکشن کی بے حسی کے خلاف بطور احتجاج کیا ہے ۔

(جاری ہے)

ادھر انتہائی باخبر ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے محمد زبیر کے استعفیٰ کے بعد ان کے بھائی سابق چیئرمین پاکستان اسٹاک ایکس چینج منیر کمال کو نیا گورنر سندھ بنانے کا فیصلہ کیا ہے ۔اسد عمر اور محمد زبیر کے بھائی منیر کمال نیشنل بینک آف پاکستان کے سابق صدر بھی رہ چکے ہیں ۔انہوںنے پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں چین کی سرمایہ کاری اور ان کو شیئرز دلانے میں اہم کردار ادا کیا ہے اور چین کے سرمایہ کاروں کے ساتھ ان تعلقات مثالی ہیں ۔

پاکستان تحریک انصاف نے ان کی تقرری کے لیے پارٹی سطح پر ابتدائی مشاورت کرلی ہے اور سندھ سے تعلق رکھنے والے پارٹی رہنماؤ ں نے اس تعیناتی کی مخالفت نہیں کی ہے ۔پی ٹی آئی کے کچھ رہنما پارٹی کے مرکزی رہنما نعیم الحق کو بھی گورنر سندھ بنانے کے لیے لابنگ کررہے ہیں لیکن ذرائع کا کہنا ہے کہ منیر کمال کو ان کے پس منظر کے باعث گورنر سندھ مقرر کیے جانے کا زیادہ امکان ہے کیونکہ ملک کو معاشی طور پر مضبوط بنانا تحریک انصاف کی حکومت کا اولین ایجنڈا ہے اور اس کیلئے منیر کمال ایسی شخصیت کی بحیثیت گورنر سندھ تقرری اہم کردار ادا کرسکتی ہے ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات