خضدار ،ٹریفک کا المناک حادثہ ،ویگن الٹنے سے 8مسافر جاں بحق ،14زخمی

ہفتہ 28 جولائی 2018 19:26

خضدار(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جولائی2018ء) خضدار میں ٹریفک کا المناک حادثہ ،ویگن الٹنے سے 8مسافر جاں بحق 14زخمی ہوگئے ، ویگن میھڑ سے خضدار آرہی تھی تفصیلات کے مطابق ہفتے کے روز خضدار کے علاقہ میں ونگوہِل کے قریب سندھ سے خضدار آنے والی مسافر ویگن ٹائر برسٹ جانے کی وجہ سے بے قابو ہو کر الٹ گئی ، 8افراد جاں بحق 14زخمی ہوگئے ، بتایاجاتا ہے مسافر ویگن جیسے ہی ونگو ہِل سے نیچے اتری ہے ، کرخ لیویز اور این ایچ اے آفس کے قریب ان کا ٹائربرسٹ گیا ہے اور گاڑی بے قابو ہو کر پُل سے نیچے جا گری ہے جس کے نتیجے میں موقع پر تین افراد جاں بحق اور 19افراد زخمی ہوگئے ، جنہیں آر ایچ سی کرخ پہنچایا گیا ،جب کہ الغنی ویلفیئر ٹرسٹ کی جانب سے اپنے ایمبولینسز خضدار سے کرخ مریضوں کو لینے کے لئے بھیج دی، ہسپتال پہنچانے کے بعدزخمیوں میں سے پانچ افراد جاں بحق ہوگئے ، جاں بحق افراد میں جمن ولد عبداللہ ، خدابخش ولد عبدالنبی بروہی ، محمد ولد بچل بروہی ، عبدالطیف ولد محمد بروہی ، غلام عباس ولد محمد سومرو ، غلام قاد بروہی و دیگر شامل ہیں جبکہ 14افراد زخمی ہیں ۔