Live Updates

شاہد خاقان، طلال چوہدری، سائرہ افضل کی ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواستیں مسترد

ہفتہ 28 جولائی 2018 19:45

شاہد خاقان، طلال چوہدری، سائرہ افضل کی ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواستیں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جولائی2018ء) مسلم لیگ (ن) کے رہنما شاہد خاقان عباسی، طلال چوہدری اور سائرہ افضل سمیت متعدد دیگر سیاسی جماعتوں کے امیدواروں کی ووٹوں کی گنتی دوبارہ کرانے کی درخواستیں مسترد کردی گئیں۔سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور ن لیگ کے رہنما راجہ اشفاق سرور نے ریٹرننگ افسر (آر او) مری حیدر علی کے سامنے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست دائر کی۔

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 57 سے تحریک انصاف کے امیدوار صداقت علی نے ایک لاکھ 36249 ووٹ حاصل کر کے شاہد خاقان عباسی کو شکست دی جو ایک لاکھ 24703 ووٹ حاصل کر کے دوسرے نمبر پر رہے۔شاہد خاقان عباسی نے موقف اختیار کیا کہ ووٹوں کی گنتی کے دوران دھاندلی کی گئی۔ آر او مری نے سماعت کے بعد درخواست مسترد کردی۔

(جاری ہے)

این 102 فیصل آباد سے طلال چوہدری کی ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست بھی مسترد کردی گئی۔

این اے 207 سکھر سے تحریک انصاف کے امیدوار مبین جتوئی کی دوبارہ گنتی کی درخواست مسترد ہوگئی۔ انہیں پیپلزپارٹی کے امیدوار نعمان شیخ نے شکست دی۔ حافظ آباد میں ریٹرنگ افسران نے مسلم لیگ ن کی امیدوار سائرہ افضل سمیت ووٹوں کی دوبارہ گنتی کیلئے دی جانے والی تمام درخواستیں مسترد کر دیں۔ مسلم لیگ ن کی سائرہ افضل نے این اے 87 میں دوبارہ گنتی کی درخواست دی تھی۔

ان کے علاوہ پی پی 69، پی پی 70 اور پی پی 71 سے بھی درخواستیں موصول ہوئی تھیں۔ حلقہ این اے 200 لاڑکانہ میں آر او نے بلاول بھٹو سے ہارنے والے ایم ایم اے امیدوار راشد محمود سومرو کی دوبارہ ووٹوں کی گنتی کی درخواست بھی مسترد کردی۔پشاور میں ریٹرننگ آفسر نے ایم ایم اے کے امیدوار آصف اقبال داودزئی کی دوبارہ گنتی کی درخواست مسترد کردی۔ پی کے 67 سے ایم ایم اے کے امیدوار آصف اقبال داؤد زئی نے 11 ہزار 648 ووٹ حاصل کئے تھے۔

پی ٹی آئی کے امیدوار ارباب وسیم نے 16 ہزار 912 ووٹ لیکر انہیں شکست دی تھی۔ادھر پی کے 4 سوات میں دوبارہ گنتی کیلئے امیر مقام کی درخواست منظور ہوگئی۔ دوبارہ گنتی کل کی جائے گی۔ سندھ میں حلقہ این اے 213 نوابشاہ پر سابق صدر آصف علی زرداری کے مدمقابل جی ڈی اے کے امیدوار شیر محمد رند کی دوبارہ گنتی کی درخواست بھی مسترد ہوگئی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات