مقبوضہ کشمیر، سیمینار کے مقررین نے آرٹیکل 35۔ اے کو تحفظ دینے کے حوالے سے مختلف تدابیر پر روشنی ڈالی

کشمیری عوام آرٹیکل 35۔ اے کومنسوخ کرنے کی تمام کوششوں کو ناکام بنا د یں گے، حمیدہ نعیم ودیگرکا خطاب

ہفتہ 28 جولائی 2018 20:04

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جولائی2018ء) مقبوضہ کشمیر میں ایک سیمینار کے مقررین نے جموںوکشمیر کوخصوصی حیثیت دلانے والی بھارتی آئین کی دفعہ 35۔اے کو تحفظ دینے کے حوالے سے مختلف اقدامات اور تدابیر پر روشنی ڈالی۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سیمینار کا انعقاد کشمیر سینٹر فار سوشل اینڈ ڈویلپمنٹ سڈیڈیز اور سول سوسائٹی کے دیگر گروپوں نے سرینگر کے ایک ہوٹل میں کیا تھا ۔

سیمینار میں ممتاز سیاسی تجزیہ نگاروں اور سیاست دانوں نے ان سیاسی و قانونی طریقوں پر روشنی ڈالی جن کے ذریعے سے آرٹیکل 35۔ اے کی حفاظت کی جاسکتی ہے۔ یاد رہے کہ بھارتی سپریم کورٹ آرٹیکل 35۔ اے کی منسوخی کے حوالے سے دائر ایک عرضداشت کی سماعت چھ اگست کو کر ے گی ۔یہ عرضداشت ہندو انتہا پسند تنظیم راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کی سرپرستی میں قائم غیر سرکاری تنظیم ’’We the Citizens‘‘ نے دائر کی ہے۔

(جاری ہے)

کشمیر سینٹر فار سوشل اینڈ ڈویلپمنٹ سڈیڈیز کی چیئرپرسن پروفیسر حمیدہ نعیم نے اپنی تقریر میں کہا کہ کشمیری عوام آرٹیکل 35۔ اے کو منسوخ کرنے کی تمام کوششوں کو ناکام بنا د یں گے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری گولیاں کھائیں گے اور اس آرٹیکل کو منسوخ نہیں ہونے دیں گے۔ اسلامک یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اونتی پورہ کے سابق وائس چانسلر پروفیسر صدیق واحد نے کہا کہ آرٹیکل 35۔

اے کشمیریوں کی بقاء کا مسئلہ ہے ۔ سول سوسائٹی کے رکن شکیل قلندر نے کہا کہ اس آرٹیکل کے حوالے سے کشمیرکی تمام سیاسی جماعتوں کا ایک موقف ہے اوروہ اس کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدام کریں گی۔ کانگریس کے سینئر رہنما پروفیسر سیف الدین سوز نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ بھارتی عوام کو بھی آرٹیکل 35۔ اے کی منسوخی کے مضمرات سے آگاہ کیا جائے اور ہمیں بھارتی وزیر اعظم، وزیر داخلہ اور حکومتی عہیداروں سے ملاقات کر کے انہیں بھی باور کرانا چاہیے کہ اگرآرٹیکل 35۔

اے کی کو منسوخ کیا گیا تو کشمیرمیں اسکا سنگین ردعمل آئے گا۔ سیمینار سے پیپلزڈیموکریٹک پارٹی کے سینئر رہنما نظام الدین بٹ، کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا ( مارکسٹ) کے رہنما محمد یوسف تاریگامی، ڈیموکریٹک پارٹی نیشنلسٹ کے چیئرمین غلام حسن میر، عوامی نیشنل کانفرنس کے رہنما مظفر شاہ نے بھی خطاب کیا۔ سیمینار میں دیگر کے علاوہ انجینئر عبدالرشید، جی آر صوفی، محمد شفیع پنڈٹ، جہانگیر اقبال گنائی، پروفیسر گل وانی، پروفیسر نور بابا، گوہر گیلانی اور ڈاکٹر مبین شاہ میں شریک تھے۔

دریں اثنا میڈیا رپورٹس کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے گورنر این آین وہرا نے آرٹیکل 35۔ اے کے حوالے سے کشمیریوں کی حساسیت اور اسکی منسوخی کی صورت میں انکے سخت ردعمل کو بھانپ کر بھارتی سپریم کورٹ سے استعدا کی ہے کہ وہ معاملے کے حوالے سے سماعت مقبوضہ علاقے میں نئی حکومت بننے تک ملتوی کرے۔