انتخابات میں کامیابی کی خوشی میں منعقد ہ تقریب میں (ن) کے دو گروپوں میں فائرنگ، پانچ افراد زخمی

استقبال کرنے پر لیگی کونسلر اخلاق شاہ اور میاں نوید کے درمیان جھگڑا ہو گیا ،دو زخمیوں کی حالت تشویشناک

ہفتہ 28 جولائی 2018 20:04

شیخوپورہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جولائی2018ء) صوبائی اسمبلی حلقہ 137سے پیر اشرف رسول کی کامیابی کی خوشی میں منعقد کی گئی تقریب میں مسلم لیگ (ن) کے دو گروپوں میں جھگڑا ہو گیا ،فائرنگ کے نتیجے میں پانچ افراد زخمی ہو گئے جن میں سے دو کی حالت تشویشناک ہے ،اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی ۔ بتایا گیا ہے کہ شیخوپورہ کے حلقہ پی پی 137سے (ن) لیگ کے پیر اشرف رسول کی کامیابی کی خوشی میں تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔

(جاری ہے)

استقبال کرنے پر کونسلر وارڈ نمبر 13 اخلاق شاہ اور میاں نوید کے درمیان جھگڑا ہو گیا جس کے بعد فائرنگ کر دی گئی جس کے نتیجے میں رحمان شاہ،عمران شاہ ،قائم علی شاہ اور دو راہگیر زخمی ہوگئے ۔ فائرنگ سے خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ اپنی جانیں بچانے کے لئے بھاگ کھڑے ہوئے ۔اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی ۔ زخمیوں کو طبی امدا دکیلئے مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں دو افراد کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔پولیس نے قانونی کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کر دیا۔