دشمن قوتیں پاکستان کو نقصان پہنچانے کیلئے خوفناک سازشیں کر رہی ہیں، حافظ محمد سعید

انتخابات کے دوران تخریب کاری میں بیرونی ایجنسیاں ملوث ہیں،مفادات کی سیاست، لڑائی جھگڑوں اور فرقہ واریت سے ملک کو سخت نقصان پہنچا ہے ملک میں اس وقت اتحادویکجہتی کا ماحول پیدا کرنے کی اشد ضرورت ہے، بیرونی سازشوں کے توڑ کیلئے قوم کو متحد وبیدار کیا جائے،بیان

ہفتہ 28 جولائی 2018 20:57

دشمن قوتیں پاکستان کو نقصان پہنچانے کیلئے خوفناک سازشیں کر رہی ہیں، ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 جولائی2018ء) امیر جماعةالدعوة پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ دشمن قوتیں پاکستان کو نقصان پہنچانے کیلئے خوفناک سازشیں کر رہی ہیں۔ انتخابات کے دوران ہونے والی تخریب کاری میں بیرونی ایجنسیاں ملوث ہیں۔مفادات کی سیاست، لڑائی جھگڑوں اور فرقہ واریت سے ملک کو سخت نقصان پہنچا ہے۔ ملک میں اس وقت اتحادویکجہتی کا ماحول پیدا کرنے کی اشد ضرورت ہے۔

ملی مسلم لیگ نظریہ پاکستان کی بنیاد پرپورے پاکستان میں بھرپورانداز میں جدوجہد جاری رکھے گی۔کارکنان ملک کے کونے کونے میں عوامی سطح پر شعور بیدار کریں اور بیرونی سازشوں کے توڑ کیلئے قوم کو متحد وبیدار کیا جائے۔ اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ پاکستان میں سیاستدانوں و حکمرانوں نے قیام پاکستان کے موقع پر اللہ سے کئے گئے عہد کو پورا نہیں کیا جس پر سزائیں بھگتنا پڑ یں۔

(جاری ہے)

غلطیوں کی سزا سے بچنے کا طریقہ یہ ہے کہ ان کی اصلاح کی جائے ۔اسی سے اللہ کی رحمتیں اترتی ہیں۔ہم نے حالیہ انتخابات کے دوران پاکستان کے کونے کونے میں وہی لاالہ الااللہ محمد رسول اللہ کا نعرہ بلند کیا اور قوم کا یاد کروایاہے جو پاکستان بناتے وقت لگایا گیا تھا۔اللہ تعالیٰ نے اس میں ہمیں بہت کامیابی دی ہے۔ کلمہ طیبہ کا یہ نعرہ ہی اصلاح، دعوت اور اتحاد و یکجہتی کی بنیاد ہے۔

انہوںنے کہاکہ ہم نظریہ پاکستان اور خدمت انسانیت کا مشن لیکر میدان سیاست میں آئے ہیں۔ہم نے قیام پاکستان کے مقاصد کی تکمیل اور اس ملک کی اسلامی شناخت قائم رکھنے کیلئے ملک گیر تحریک بپا کرنی ہے۔ وہ وقت جلد آئے گا جب پاکستان امن و امان اور خوشحالی کی عمدہ مثال بنے گا۔حافظ محمد سعید نے کہاکہ ملی مسلم لیگ پاکستان سے محبت رکھنے والوں کی جماعت ہے۔

ہم شدید دبائوکے باوجود میدان میں کھڑے رہے، انتخابی مہم چلائی اور چاروں صوبوں میں پاکستان کا مطلب کیا لاالہ الااللہ محمد رسول اللہ اور اللہ اکبر کے نعرے گونجتے رہے۔ہم پوری قوم کو یہ نعرے یاد کروانا چاہتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ حکومتوںنے اپنی کرپشن کے راستے ہموار کرنے کیلئے مفادات کی سیاست کھیلی، لڑائی جھگڑے، صوبائیت اور وطنیت پرستی کو پروان چڑھایا گیا۔

برادری ازم کی جڑیں مضبوط ہوئی تھیں لیکن ملی مسلم لیگ، اللہ اکبر تحریک کے کارکنان نے ان تمام چیزوں کا ازالہ کرنے کیلئے قوم کو لاالہ الااللہ محمد رسول اللہ اور اللہ اکبر کے نعرے یاد کروائے۔ ملی مسلم لیگ ان شاء اللہ لوگوں کے مسائل حل کرے گی اور انہیں متحد و منظم کیا جائے گا۔انہوںنے کہاکہ کشمیرمیں بھارتی ریاستی دہشت گردی دن بدن شدت اختیار کر رہی ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ مظلوم کشمیریوں کی کھل کر مددوحمایت کی جائے۔