Live Updates

پاکستان علماء کونسل اور عمران خان کا ملک کو مدینہ منورہ کی طرز کی ریاست بنانے کا ہدف مشترکہ ہے ،حافظ محمد طاہر محمود اشرفی

ہفتہ 28 جولائی 2018 22:17

پاکستان علماء کونسل اور عمران خان کا ملک کو مدینہ منورہ کی طرز کی ریاست ..
لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جولائی2018ء) پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ پاکستان علماء کونسل کے حمایت یافتہ 90فیصد امیدواران نے کامیابی حاصل کی ہے ، عمران خان کی تقریر میں بیان کیے گئے اہداف کے حصول میں مکمل تعاون کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان علماء کونسل کے مرکزی قائدین کے لاہور میں ہونے والے اجلاس کے بعد فیصلوں کا اعلان کرتے ہوئے کہی گئی ۔

اجلاس کی صدارت پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کی ، اجلاس میں علامہ عبد الحق مجاہد ، مولانا محمد شفیع قاسمی ، مولانا نعمان حاشر، حاجی محمد طیب شاد قادری ، مولانا انوار الحق مجاہد ، شبیر یوسف گجر ، مولانا عبد الحمید صابری ، مولانا طاہر عقیل اعوان ، مولانا احسان احمد حسینی ،قاری شمس الحق ،قاری مبشر رحیمی ، مولانا محمد اشفاق پتافی اور دیگر نے شر کت کی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان علماء کونسل کسی احتجاجی تحریک کا حصہ نہیں بنے گی او رعلماء ، خطباء ، مدارس اور مساجد کو سیاسی مقاصد کیلئے کسی کو استعمال نہیں کرنے دیا جائے گا، پاکستان علماء کونسل اور عمران خان کا پاکستان کو مدینہ منورہ کی طرز کی ریاست بنانے کا ہدف مشترکہ ہے ،اس کے حصول کیلئے ہر سطح پر پاکستان تحریک انصاف سے تعاون کیا جائے گا، اجلاس میں تمام مذہبی و سیاسی جماعتوں سے اپیل کی گئی کہ آئینی و قانونی جدوجہد کو لازم پکڑیں اور ملک میں انارکی پھیلانے کی کسی بھی کوشش کو کامیاب نہ ہونے دیں، اجلاس میں تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کے کامیاب ہونے والے ممبران سے اپیل کی گئی کہ وہ پارلیمنٹ کا حصہ بنیں اور پارلیمنٹ سے بائیکاٹ کرنے کی بجائے اپنے مطالبات اور اپنا احتجاج قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے استعمال کریں، پاکستان علماء کونسل نے عمران خان اور ان کی جماعت کو وفاق ، صوبہ پنجاب اور خیبر پختونخوا میں اور آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کو سندھ میں اکثریت حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کی ۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ یکم ستمبر سے ملک بھر میں علماء کنونشن منعقد کیے جائیں گے اور پاکستان علماء کونسل کے اہداف کے حصول کیلئے بھرپور اور پر امن جدوجہد کی جائے گی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل مدارس اور مساجد کی محافظ ہے اور کسی بھی جماعت یا گروہ یا فرد کو علماء اور مدارس کے نام پر سیاست نہیں کرنے دی جائے گی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات