بلاول بھٹو زرداری نے مراد علی شاہ کو نیا وزیر اعلی سندھ نامزد کردیا

پیپلز پارٹی کی مرکزی مجلس عاملہ نے مراد علی شاہ کو ہی وزیراعلی سندھ بنانے کی پارٹی چیئرمین کے فیصلے کی منظوری دیدی

ہفتہ 28 جولائی 2018 22:17

بلاول بھٹو زرداری نے مراد علی شاہ کو نیا وزیر اعلی سندھ نامزد کردیا
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جولائی2018ء) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سیدمراد علی شاہ کو نیا وزیر اعلی سندھ نامزد کردیا ہے۔ پیپلز پارٹی کی مرکزی مجلس عاملہ نے مراد علی شاہ کو ہی وزیراعلی سندھ بنانے کی پارٹی چیئرمین کے فیصلے کی منظوری دے دی ۔عام انتخابات 2018 کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے۔

عام انتخابات 2018 میں سندھ میں واضح کامیابی کے بعد پیپلزپارٹی میں وزارت اعلی سندھ کے لیے کئی امیدواروں کے نام سامنے آئے جن میں سابق صدرآصف علی زرداری کی بہن ڈاکٹرعذرا پیچوہو،سید مراد علی شاہ اورناصرشاہ مظبوط امیدوارکے طورپرسامنے آئے،سندھ میں وزارت اعلی کے خواہشمند امیدواروں میں آغاسراج درانی،سابق وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ،امتیازشیخ اورفریال تالپور بھی شامل تھیں تاہم پیپلزپارٹی کے چیئرمین کی جانب سے سندھ میں سید مراد علی شاہ کونیا وزیراعلی سندھ نامزد کیے جانے کے بعد اب سندھ اسمبلی کے اسپیکراورڈپٹی اسپیکر کے منصب کے حصول کیلیے دوڑشروع ہوگئی ہے ۔

(جاری ہے)

سندھ اسمبلی میں اسپیکراورڈپٹی اسپیکرکے معاملے پرپیپلزپارٹی کی قیادت آج اہم فیصلہ کرے گی پیپلزپارٹی کے بعض ذرائع کا کہنا ہیکہ سابق صدرآصف علی زرداری کی بہن فریال تالپوربھی سندھ اسمبلی میں اسپیکرشپ کے لیے مضبوط امیدوارہیں ۔