الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے 2 حلقوں میں دوبارہ انتخابات کروانے کا حکم

الیکشن کمیشن نے خواتین کے ووٹ 10 فیصد سے کم ہونے پر این اے 10 اور این اے 48 میں دوبارہ پولنگ کروانے کا حک دے دیا

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس ہفتہ 28 جولائی 2018 22:36

الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے 2 حلقوں میں دوبارہ انتخابات کروانے کا ..
پشاور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار-28جولائی 2018ء) :الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے 2 حلقوں میں دوبارہ انتخابات کروانے کا حکم دے دیا۔ الیکشن کمیشن نے خواتین کے ووٹ 10 فیصد سے کم ہونے پر این اے 10 اور این اے 48 میں دوبارہ پولنگ کروانے کا حک دے دیا۔تفصیلات کے مطابق 25 جولائی کو پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے انتخابات انعقاد پذیر ہوئے جس میں دس کروڑ سے زائد ووٹرز نے حق رائے دہی استعمال کرنا تھا،تاہم الیکشن کمیشن کی جانب کردہ اعداد و شمار کے مطابق 52 فیصد ٹرن آوٹ رہا ۔

الیکشن کمیشن نے کاسٹ کیے گئے ووٹوں میں خواتین ووٹرز کا تناسب 10 فیصد لازمی قرار دیا تھا، لیکن این اے 10 اور این اے 48 کے امیدوار اس قانون پر عملدرآمد کروانے میں ناکام رہے۔ خواتین کے کم ووٹوں پر قومی اسمبلی کے 2 حلقوں میں دوبارہ الیکشن ہوں گے، این اے 10 شانگلہ اور این اے 48 شمالی وزیرستان میں خواتین کے 10 فیصد ووٹوں کی شرط پوری نہیں ہوسکی تھی۔

(جاری ہے)

مزید تفصیلات کے مطابق 2018 کے نتائج کے مطابق این اے 10 میں مسلم لیگ ن کے امیدوار عباداللہ خان 34665 ووٹ لیکر کامیاب ہوئے اور عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار سیدالرحمان نے 32665 ووٹ حاصل کیے۔ اس حلقہ میں رجسٹرڈ خواتین ووٹرز کی تعداد 1 لاکھ 62 ہزار 49 ہے۔ یہاں صرف 12 ہزار 6 سو 63 خواتین نے حق رائے دہی استعمال کیا، جو 7.81 فیصد بنتا ہے۔ اسی طرح شمالی وزیرستان کے حلقہ این اے 48 میں آزاد امیدوار محسن خان نے کامیابی حاصل کی، حلقے میں خواتین کے رجسٹرڈ ووٹوں کی تعداد 77 ہزار 5 سو 37 تھی۔ اس میں سے صرف 6 ہزار 3 سو 64 نے ووٹ کاسٹ کیے، جو کل خواتین ووٹ کا 8.2 فیصد بنتا ہے۔ دونوں حلقے خواتین کے 10 فیصد ووٹوں کی شرط پوری نہ کرسکے، اسی لیے ان حلقوں میں اب دوبارہ پولنگ ہوگی۔