ریٹرننگ افسر نے پی کے 40 سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار قاضی محمد اسد کی دوبارہ گنتی کی درخواست مسترد کر دی

ہفتہ 28 جولائی 2018 23:36

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جولائی2018ء) حلقہ پی کے 40 سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار قاضی محمد اسد کی دوبارہ گنتی کی درخواست ریٹرننگ آفیسر نے مسترد کر دی، این اے 17 سے امیدوار بابر نواز کی درخوا ست پر بحث 30 جولائی کو ہو گی۔ تفصیلات کے مطابق حلقہ پی کے 40 سے پی ایم ایل (ن) کے امیدوار قاضی محمد اسد خان کی دوبارہ گنتی کی درخواست ریٹرننگ آفیسر اصغر سالار زئی نے مسترد کر دی۔

(جاری ہے)

قاضی محمد اسد نے 25 جولائی کو ہونے والے انتخابات میں 46 ہزار 7 ووٹ حاصل کئے تھے جبکہ کامیاب امیدوار اکبر ایوب خان نے 66 ہزار 624 ووٹ حاصل کر کے 20 ہزار سے زائد کی لیڈ اپنے نام کی تھی۔ دوسری جانب حلقہ این اے 17 سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار بابر نواز خان نے بھی ریٹرننگ آفیسر فہیم افضل کی عدالت میں دوبارہ گنتی کی درخواست دائر کی ہے جس پر بحث کے بعد فیصلہ 30 جولائی کو ہو گا۔ بابر نواز خان نے بھی 25 جولائی کو ہونے والے انتخاب میں ایک لاکھ 32 ہزار 756 ووٹ حاصل کئے تھے‘ کامیاب ہونے والے پی ٹی آئی کے امیدوار عمر ایوب خان نے ایک لاکھ 72 ہزار 609 ووٹ حاصل کر کے تقریباً 40 ہزار کی لیڈ حاصل کی ہے۔