Live Updates

کرکٹ بورڈ میں تبدیلی کی افواہوں نے مکی آرتھر کو پریشان کردیا

چیئر مین پی سی بی نجم سیٹھی کی کرسی خطرے میں دکھائی دے رہی ہے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 29 جولائی 2018 15:21

کرکٹ بورڈ میں تبدیلی کی افواہوں نے مکی آرتھر کو پریشان کردیا
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔29جولائی 2018 ء) حکومت کی تبدیلی کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئر مین نجم سیٹھی کی کرسی خطرے میں دکھائی دے رہی ہے جس نے قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کو بھی پریشان کردیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں 25جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف نے عمران خان کی زیر قیادت قومی اسمبلی کی 272میں سے 115 نشستیں حاصل کرکے اس وقت حکومت بنانے کے لیے اپنی پوزیشن انتہائی مضبو ط کرلی ہے جب کہ سابق کپتان ملک کے 19ویں ممکنہ وزیر اعظم بھی ہوں گے ،دوسری جانب حکومت کے ساتھ ساتھ پاکستان کرکٹ بورڈ میں بھی بڑی تبدیلی کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے جہاں لیجنڈری فاسٹ باﺅلر وسیم اکرم کونجم سیٹھی کی جگہ چیئر مین پی سی بی کی کرسی سنبھالنے کیلئے فیورٹ امیدوار تصور کیا جارہا ہے ۔

(جاری ہے)

نجم سیٹھی اس وقت پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئر مین کے طور پر اپنی خدمات سر انجام دے رہے ہیں ، انہوں نے 2013ءاور2014ءمیں بھی کچھ عرصے کے لیے یہ کرسی سنبھالی تھی جس کے بعد شہریار خان کو چیئر مین پی سی بی منتخب کرلیا گیا اور نجم سیٹھی ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئر مین بن گئے ،گزشتہ سال نجم سیٹھی نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے 30چیئر مین کے طور پر اپنے سیٹ سنبھالی ہے اور اب وسیم اکرم کے ایک فیملی ممبر کے مطابق اس بات کا قوی امکان موجود ہے کہ سابق کپتان کو پاکستان کرکٹ بورڈ کی باگ دوڑ سونپی جاسکتی ہے ،مذکورہ فیملی ممبر کا کہنا تھا کہ عمران خان اور وسیم اکرم اپنے کرکٹ کیریئر سے ایک دوسرے کے ساتھ منسلک ہیں اور اب دونوں ملک کو بلندیوں کی جانب لے جانے کے لیے تیار ہیں ۔

دریں اثنا موجودہ صورتحال سے قومی کرکٹ ٹیم کے غیرملکی کوچ مکی آرتھر بھی متاثر ہوئے ہیں،انھوں نے بعض کھلاڑیوں سے رابطہ کر کے پوچھا کہ کیا بورڈ میں تبدیلی آنے والی ہے؟آرتھر کو نجم سیٹھی نے فری ہینڈ دیا ہوا ہے اور ٹیم کے معاملات میں کوئی مداخلت نہیں کرتا، مکی آرتھر کو ڈر ہے کہ نئے چیئرمین کے دور میں شاید انھیں یہ آزادی حاصل نہیں ہوگی۔ 
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات