جتنا گند انتخابات میں ڈالا گیا اورتذلیل کی گئی اس سے پہلے کبھی ایسا نہیں دیکھا ‘ ریاض حسین پیرزادہ

چوہدری نثار سے کوئی رابطہ نہیں ،پنجاب میں (ن) لیگ کی حکومت بننی چاہیے ‘ ماڈل ٹائون میںگفتگو

اتوار 29 جولائی 2018 18:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جولائی2018ء) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما ریاض حسین پیرزادہ نے کہا ہے کہ جتناگند حالیہ انتخابات میں ڈالا گیا اور تذلیل کی گئی ہے اس سے پہلے کبھی ایسا نہیں دیکھا ،چوہدری نثار سے کوئی رابطہ نہیں ،(ن) لیگ کے پلیٹ فارم سے الیکشن نہ لڑنے کیلئے کسی نے رابطہ کیا اور نہ دبائو ڈالا لیکن دھاندلی بھرپور طریقے سے کی گئی ہے ۔

ماڈل ٹائون میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ریاض حسین پیرزادہ نے کہا کہ میں ڈیڑھ مہینے بعد گائوں سے آرہا ہوں اور مجھے سیاسی حالات کا کوئی علم نہیں ۔ انہوںنے آزاد امیدواروں کی شمولیت کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ مجھے اس کا کوئی علم نہیں مجھے بس اتنا معلوم ہے کہ میں انتخاب جیتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے پاس عددی برتری ہے اس لئے اسے صوبے میں حکومت بنانی چاہیے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شریف برادران سے اچھے تعلقات ہیں اور میرے تعلقات بہتر ہی رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ میں پانچویں بار اسمبلی میں جارہا ہوں لیکن جتنا گند اس انتخابات میں کیا گیااور جتنی تذلیل کی گئی ہے اس کی کوئی مثال نہیں ملتی ۔ انہوں نے (ن) لیگ کے ٹکٹ پر انتخاب نہ لڑنے کے حوالے سے کسی دبائو بارے سوال کے جواب میں کہا کہ میں پانچویں بار اسمبلی میں جارہا ہوں اور سینئر ترین پارلیمنٹرین ہوں ۔ کسی نے مجھے یہ کہنے کی جرات نہیں کی لیکن دھاندلی بھرپور کی ہے ۔