ٹھٹھہ،پیپلز پارٹی کے کامیاب امیدواروں اور ضلعی عہدیداروں کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد

اتوار 29 جولائی 2018 23:40

ٹھٹھہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 جولائی2018ء) پیپلز پارٹی کے کامیاب امیدواروں اور ضلعی عہدیداروں کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد۔ تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی ضلع ٹھٹھہ میں کلین سوئیپ کی خوشی میں رکن ضلع کونسل ٹھٹھہ حاجی معشوق علی ببر اور ڈاکٹر نیاز حسین ببر کی جانب سے پیپلز پارٹی کے کامیاب امیدواروں اور ضلعی عہدیداران کے اعزاز میں جشن فتح کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں پیپلز پارٹی کے ضلعی صدر اور این اے 232 پر پیپلز پارٹی کی کامیاب امیدوار شمس النساء میمن کے فرزند صادق علی میمن، پی ایس 78- پر کامیاب امیدوار حاجی علی حسن زرداری اور پی ایس 77 پر پی پی پی کے کامیاب امیدوار سید ریاض حسین شاہ شیرازی کے علاوہ یونین کونسل اونگر، ٹنڈو حافظ شاہ، جھرک، صوف شورو کے معززین اور سینکڑوں پارٹی کارکنان شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صادق علی میمن، علی حسن زرداری اور ریاض شاہ شیرازی نے کہا کہ ہم عوام کے مشکور و ممنون ہیں کہ انہوں نے ایک مرتبہ پھر اعتماد کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کو تاریخی فتح سے ہمکنار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی گذشتہ دس برس سے صوبے کے لوگوں کی بلا امتیاز خدمت کر رہی ہے اور آئندہ پانچ برسوں میں پہلے سے بھی زیادہ لگن سے عوام کی خدمت کریں گے اور عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی بھٹوز کی پارٹی ہے جنہوں نے عوام کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا لیکن ظالموں کے آگے سر تسلیم خم نہیں کرنا گوارا نہ کیا، پارٹی چیرمین بلاول بھٹو اور شریک چیرمین آصف علی زرداری کی قیادت میں قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو اور بینظیر بھٹو کے وڑن کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔#