Live Updates

مسلم لیگ ن پر ہرگز اعتبار نہ کریں ، پرویز الٰہی کو مشورہ دے دیا گیا

سیا سی اتحاد کے لئے پی ٹی آئی کو ترجیح دینا بہتر ہو گا ۔ قریبی بیوروکریٹس کا پرویز الٰہی کو مشورہ

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 30 جولائی 2018 12:05

مسلم لیگ ن پر ہرگز اعتبار نہ کریں ، پرویز الٰہی کو مشورہ دے دیا گیا
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔30 جولائی 2018ء) : حکومت سازی کے لیے مسلم لیگ ن اور پاکستان تحریک انصاف، دونوں ہی سیاسی جماعتوں کو مسلم لیگ ق کی حمایت اور مسلم لیگ ق سے اتحاد کرنے کی ضرورت ہے جس کے تحت دونوں سیاسی جماعتوں نے مسلم لیگ ق سے اپنے روابط تیز کر کے پرویز الٰہی کی حمایت حاصل کرنے کی کوششیں تیز کر دی ہیں۔ لیکن پرویز الٰہی کو ان کے قریبی بیوروکریٹس نے مشورہ دیا ہے کہ وہ کسی صورت بھی مسلم لیگ ن پر اعتبار نہ کریں بلکہ پی ٹی آئی سے اتحاد کرنے کو ترجیح دیں کیونکہ ایسا کرنے سے انہیں بھی فائدہ ہو گا۔

پرویز الٰہی کے بااعتماد اور قریبی سول بیوروکریٹس نے انہیں مسلم لیگ ن سے اتحاد نہ کرنے کا مشورہ دیا ہے کیونکہ شریف برادران نے بُرے وقت میں ساتھ دینے والے سے اچھا سلوک نہیں کیا تھا۔

(جاری ہے)

پرویز الٰہی کو نصیحت کی گئی ہے کہ وہ ماضی قریب میں پنجاب اسمبلی کے فارورڈ بلاک کے سربراہ میاں عطا مانیکا کا حشر بھی یاد رکھیں۔ شہباز شریف نے کئی مرتبہ وقت مانگنے کے باوجود عطا مانیکا کو ون ٹو ون ملاقات کا وقت ہی نہیں دیا تھا۔

2008ء میں پنجاب کی حکمرانی ملتے ہی شہباز شریف نے8 کلب وزیر اعلٰی ہاؤس کی تعمیر اور دیگر اہم ترقیاتی منصوبوں کو بنیاد بنا کر جس طرح جھوٹا پراپیگنڈہ مسلم لیگ ق کی قیادت کے خلاف کیا اور اس دور میں اہم آسامیوں پر تعینات سول بیوروکریٹس کے سا تھ جو سلوک روا رکھا گیا وہ بھی سب کے سامنے ہے اور کسی سے ڈھکا چھُپا نہیں ہے۔لہٰذا مسلم لیگ ن کی جانب سے رابطوں اور ترلے منتوں کو سنجیدہ نہ لیا جائے ۔

پرویز الٰہی کو کہا گیا ہے کہ مسلم لیگ ن کے برعکس پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کی فطرت میں احسان فراموشی، اور ساتھیوں کو اچھے تو دور کی بات بُرے وقت میں بھی چھوڑنے کی عادت نہیں ہے لہٰذا پی ٹی آئی کے ساتھ ہاتھ ملا کر زیادہ سہولت سے رہا جا سکتا ہے ، اسی لیے مسلم لیگ ن کی پیشکش پر غور نہ کریں اور پاکستان تحریک انصاف ہی کو ترجیح دے کر ان سے اتحاد کی بات کو آگے بڑھائیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات