Live Updates

مسلم لیگ ن اور پاکستان تحریک انصاف کی ترجیحات میں واضح تضادات

پنجاب میں پی ٹی آئی کی متوقع حکومت کی جانب سے دوبارہ بجٹ سازی کا امکان

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 30 جولائی 2018 13:24

مسلم لیگ ن اور پاکستان تحریک انصاف کی ترجیحات میں واضح تضادات
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔30 جولائی 2018ء) : پنجاب میں پاکستان تحریک انصاف کی متوقع حکومت کی جانب سے دوبارہ بجٹ سازی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔تفصیلات کے مطابق اس دوبارہ بجٹ سازی کی وجہ پاکستان مسلم لیگ ن اور پاکستان تحریک انصاف کی ترجیحات میں واضح تضاد ہے۔ جس کی وجہ سے امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ پنجاب میں حکومت بنانے کے بعد پاکستان تحریک انصاف نئے سرے سے بجٹ سازی کرے گی۔

اس کے لیے محکمہ خزانہ کو دوباہ بجٹ بنانا پڑے گا جس کی وجہ سے محکمہ خزانہ کے افسران نے اپنے سر پکڑ لیے ہیں۔واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے آخری مہینے میں بجٹ پر کافی کام کیا اور محکمہ خزانہ نے صوبہ پنجاب کا بجٹ تیار کرلیا تھا۔خیال رہے کہ عام انتخابات 2018ء کے بعد صوبہ پنجاب میں مسلم لیگ ن اورپاکستان تحریک انصاف کے مابین حکومت سازی کے لیے رسہ کشی جاری ہے ۔

(جاری ہے)

لہٰذا ایسی صورت میں محکمہ خزانہ کے افسران کی پریشانی میں اضافہ ہو گیا ہے کیونکہ محکمہ خزانہ نے پنجاب کا بجٹ تیار کر لیا ہے اور پی ٹی آئی حکومت آنے سے پورا بجٹ دوبارہ تیار کرنا پڑے گا جو ایک محنت طلب کام ہے ۔ پاکستان تحریک انصاف کی ترجیحات مسلم لیگ ن سے یکسر مختلف ہیں اسی لیے ان کا بجٹ بھی مختلف ہو گا جس میں تعلیم، صحت، زراعت اور ترقیاتی اسکیموں کا از سر نو جائزہ لیا جائے گا اور پاکستان تحریک انصاف اپنی ترجیحات کے مطابق ہی نیا بجٹ تیار کروائے گی۔

خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے 11 نکاتی ایجنڈے میں تعلیم اور صحت سر فہرست ہیں جس کی وجہ سے خیال کیا جا رہا ہے کہ صوبہ پنجاب کا نیا بجٹ بھی صحت اور تعلیم سمیت پارٹی کے 11 نکاتی ایجنڈے کو دھیان میں رکھتے ہوئے بنایا جائے گا تاکہ پارٹی اپنے وعدوں کو پورا کرنے کے لیے عملی اقدامات لے سکے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات