سندھ ہائیکورٹ،ڈاکٹر فاروق ستار کو نااہل قرار دینے کی درخواست غیر موثر ہونے پرخارج

ایم کیو ایم کو ہرایاگیااورمینڈیٹ چرایا گیاہے،جہاں جہاں ہمیں ہرایا گیا وہاں وہاں دوبارا الیکشن ہونے چاہئیں، فاروق ستار

پیر 30 جولائی 2018 15:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جولائی2018ء) سندھ ہائی کورٹ نے ایم کیو ایم پاکستان کے سینئررہنما ڈاکٹر فاروق ستار کو نااہل قرار دینے کی درخواست غیر موثر ہونے پرخارج کردی۔پیرکوسندھ ہائی کورٹ میں ڈاکٹر فاروق ستار کو نااہل قرار دینے سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔عدالت میں الیکشن کمیشن کی جانب سے وکیل صفائی نے دوران سماعت کہاکہ الیکشن ہوچکا ہے فاروق ستار ہارگئے ہیں،عدالت سے استدعا ہے کہ درخواست مسترد کی جائے،عدالت نے درخواست گزار اقبال کاظمی کی درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے اسے مسترد کر دیا۔

درخواست گزار اقبال کاظمی کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا تھا کہ ڈاکٹر فاروق ستار نے کاغذات نامزدگی میں اپنے خلاف 23مقدمات کو چھپایا۔

(جاری ہے)

این آر او کے تحت ختم مقدمات دوبارہ کھل گئے تھے۔فاروق ستار این آر او کے تحت بند ہونے والے مقدمات میں تاحال مفرور ہیں اور فاروق ستار نے لینڈ کروزر کیلیے خواجہ سہیل منصور کے قرضے کے کاغذات بھی چھپائے تھے۔

بعدازاں میڈیا سے بات چیت میں فاروق ستار نے کہاکہ ایم کیو ایم کو ہرایاگیااورمینڈیٹ چرایا گیاہے۔جہاں جہاں ہمیں ہرایا گیا وہاں وہاں دوبارا الیکشن ہونے چاہئیں۔ہم الیکشن کمیشن میں درخواست لے کر جا رہے ہیں۔پولنگ اسٹیشن پر راتو رات قبضہ کیا۔کس نے قبضہ کیا وہ کارکنان کے اجلاس میں ظاہر کرینگے۔،اصل معاملہ کائونٹنگ کے دوران کرنا تھا جو ہوا۔

انہوں نے کہاکہ سب جماعت کی امیدواروں کو دوبارہ گنتی کا موقع ملا لیکن ہماری ساری درخواتیں مسترد کردی گئی ہیں۔انہوں نے کہاکہ این اے 239 سے خواجہ سہیل منصور300ووٹ سے ہارے جبکہ وہاں3200ووٹ مسترد کیئے گیئے ہیں۔اگر گنتی ہوتی تو وہ جیت جاتے۔۔جہاں سے ہمارے امیدوار جیتے وہاں ہمارے ایجنٹس کو نہیں نکالا گیا لیکن باقی حلقوں سے ہمارے ایجنٹ نکالے گئے۔

فاروق ستارنے کہاکہ فارم 45 نہیں دیا گیا مرضی سے اپنے امیدوار جتوائے گئے۔اسٹیبلشمنٹ کا نیوٹرل ہونا ہی ہمارے لیئے کافی ہے۔ہماری آبادی کو صحیح نہیں گنا گیا۔فاروق ستار نے کہاکہ اقبال کاظمی نے مجھے ناہل قرار دینے کیلئے درخواست دی تھی۔جج نے درخواست ڈیسمس کردی ہے۔وکلا کوئی نہ کوئی معاملہ نکال کر عدالت کا وقت بھی ضائع کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ پارٹی نے واضح کیا ہے کہ ہم حکومت میں نہیں جا رہے۔