آزادکشمیر کے طلبا ء وطالبات کو ان کی دہلیز پر اعلیٰ تعلیمی سہولتیں فراہم کریں گے ،سردار مسعود خان

پلندری غازیوں اور شہیدوں کی سرزمین ہے ،یہاں کے لوگوں نے 1947میں ڈوگرہ مہاراج کیخلاف الم بغاوت بلند کیا اور خطے کو آزاد کرانے میں اہم کردار ادا کیا آزادکشمیر کے تمام اضلاع اور دور دراز پسماندہ علاقوں میں اعلیٰ معیاری تعلیمی سہولیات فراہم کرنے کے لئے آزادکشمیر کی سرکاری جامعات کے سب کیمپسز کھولے جا رہے ہیں تاکہ آزادکشمیر کے طلباء و طالبات کو اپنے قرب وجوار میں ہی تعلیمی سہولیات میسر ہوں ،تقریب سے خطاب

پیر 30 جولائی 2018 17:02

پلندری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جولائی2018ء) صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ آزادکشمیر کے طلبا ء وطالبات کو ان کی دہلیز پر اعلیٰ تعلیمی سہولتیں فراہم کریں گے اور آزادکشمیر کی سرکاری جامعات میں کوالٹی ایجوکیشن کو یقینی بنائیں گے ۔صدر نے کہا کہ پلندری غازیوں اور شہیدوں کی سرزمین ہے اور یہاں کے لوگوں نے 1947میں ڈوگرہ مہاراج کے خلاف الم بغاوت بلند کیا اور خطے کو آزاد کرانے میں اہم کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا آج پلندری میں علم کا ایک نیا دریچہ کھل گیا ہے اور یہاں علم کی نئی شمعیں روشن ہونگی۔ ان خیالات کا اظہار صدر آزاد جموں وکشمیر نے پلندری کے مقام پر میر پور یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے سب کیمپس کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

تقریب سے پنجاب کے نگران وزیر برائے انسانی حقوق ، اقلیتیں ، سماجی بہبود فیصل مشتاق ، وزیر خزانہ و صحت عامہ آزاد جموں وکشمیر ڈاکٹر نجیب نقی خان ، ڈپٹی سپیکر آزاد جموں وکشمیر قانون سازاسمبلی فاروق احمد طاہر، ممبر اسمبلی محترمہ سحرش قمر، اور وائس چانسلر میر پور یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر حبیب الرحمان نے بھی خطاب کیا۔

اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر محمد حلیم خان وائس چانسلر وویمن یونیورسٹی آف آزاد جموں وکشمیر باغ، ڈاکٹر منظور حسین خان سابق وائس چانسلر یونیورسٹی آف پونچھ، سیکرٹری صدارتی امور سردار محمد ظفر خان ، ملٹری سیکرٹری ہمراہ جناب صدر گرامی کرنل کاشف آمین ،بریگیڈئیر (ر) خورشید خان پرنسپل کیڈٹ کالج پلندری، بریگیڈئیر محمد اکبر سابق پرنسپل کیڈٹ کالج پلندری ،ضلع ایڈمنسٹریٹر حاجی منشاء، ڈپٹی ڈائریکٹر میڈیا حماد رحیم ، سردار عتیق الرحمان پرائیویٹ سیکرٹری ہمراہ صدر گرامی ، مختلف کالجوں کے پرنسپل، سول سوسائٹی کے ممبران اور میڈیا کے نمائندگان نے بھی شرکت کی۔

صدر مسعود خان نے اپنے خطاب میںکہا کہ آزادکشمیر کے تمام اضلاع اور دور دراز پسماندہ علاقوں میں اعلیٰ معیاری تعلیمی سہولیات فراہم کرنے کے لئے آزادکشمیر کی سرکاری جامعات کے سب کیمپسز کھولے جا رہے ہیں تاکہ آزادکشمیر کے طلباء و طالبات کو اپنے قرب وجوار میں ہی تعلیمی سہولیات میسر ہوں ۔ صدر نے کہا کہ ان سب کیمپسز میں نئے مضامین کا آغاز وقت کی عین ضرورت ہے۔

مسٹ کے سب کیمپس پلندری میں کمپیوٹر سسٹم انجینئرنگ ، فارسٹری، ٹورازم،انوائرمنٹل سائنسز، لاء اور مہمان نوازی جیسے مضامین پڑھائے جائیں گے۔ جس سے فار غ التحصیل طلباء آزادکشمیر میں سیر و سیاحت کو فروغ دینے ، جنگلات مزید اگانے اور ہوٹلنگ کو فروغ دینے کے لئے قیمتی اثاثہ ثابت ہونگے۔ صدر نے ہائیر ایجوکیشن کمیشن اور ڈاکٹر نجیب نقی خان کی کاوشوں کو سراہا جن کی بدولت آج پلندری میں مسٹ کے سب کیمپس کا افتتاح کیا جا رہا ہے۔

صدر گرامی نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ ہم ریاست جموں وکشمیر میں ایک تعلیمی انقلاب برپا کریں اور ہر سطح پر بہترین تعلیمی ادارے قائم کریں ۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں سیر و سیاحت کا بے پناہ رجحان اور اس سے آزادکشمیر کی معیشت کو دن دگنی رات چگنی ترقی دی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 200کلو میٹر سیاحتی راہداری پر بہت جلد کام شروع ہو جائے گا اور یہ سڑک آزادکشمیر کے چار سے پانچ اضلاع کو ایکدوسرے سے منسلک کرے گی اور آزاکشمیر کی خوبصورت ترین سیاحتی مراکز سے گزرے گی۔

اور پاکستان اور دنیا بھر کے سیاحوں کو اپنی طرف کھینچے گی۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ آج آزادکشمیر کی حکومت نے آزاد کشمیر میں سڑکوں کے انفراسٹرکچر ، زراعت ، سیاحت، صحت عامہ اور پن بجلی کے بے شمار منصوبے شروع کیے ہیںجس سے نہ صرف توانائی کا بحران مکمل طور پر ختم ہو جائے گا بلکہ یہاں کے لوگوں کو روزگار کے ہزاروں مواقع ملیں گے۔ صدر آزاد جموں وکشمیر نے کہا کہ ہمیں اس موقع پر اپنے مقبوضہ کشمیر کے بہن بھائیوں کو کبھی نہیں بھولنا چاہیے جو حق خود ارادیت کے حصول کے لئے جہد مسلسل جاری رکھے ہوئے ہے ۔

صدر نے کہا کہ بین االاقوامی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں ، وہاں بلا جواز گرفتاریوں ، خواتین کی آبروریزی اور ان پر جنسی تشدد کا نوٹس لینا چاہیے ۔ صدر نے کہا کہ اقوام متحدہ کے کمیشن برائے انسانی حقوق کی طرف سے جاری حالیہ رپورٹ خوش آئند ہے جس میںہندوستان کی طرف سے مقبوضہ کشمیر کے اندر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کاتفصیل سے ذکر کیا گیا ہے جس سے ہندوستان کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے آشکار ہو گیا ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر نجیب نقی خان نے کہا کہ اگرچہ آج مسٹ کا سب کیمپس کھل رہا ہے یہ بہت جلد ایک مکمل یونیورسٹی بن جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ سب کیمپس منگ کے لئے دو کروڑ اکیس لاکھ روپے آزادکشمیر کے بجٹ سے مختص کیے جا چکے ہیں ۔ ڈاکٹر نجیب نے کہا کہ انہوں نے پلندری کے لئے تیس کروڑ روپے کی واٹر سپلائی کا منصوبہ بھی منظور کروا لیا ہے اس کے علاوہ پلندری میں فلڈ لائٹس کے تنصیب ہو چکی ہے ، اسٹیڈیم کا کام تکمیل کے مرحلے میں ہے ۔

تقریب سے صوبائی نگران وزیر پنجاب چوہدری فیصل مشتاق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں فخر ہے کہ ان کی والدہ کا تعلق اس مردم خیز بستی پلندری سے ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بابائے پونچھ کرنل خان محمد خان سے لے کر ڈاکٹر نجیب نقی تک تمام خانزادہ لوگوں کی شب وروز خدمت میں مصروف کار ہے ۔ تعلیم اور سماجی ویلفیئر کے کاموں میں اس خاندان نے ہمیشہ بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔

انہوںنے کہا میرا ہر طرح سے تعاون اس خاندان کے ساتھ ہے اور رہے گا۔ تقریب سے سردار فاروق احمد طاہر ڈپٹی سپیکر قانون ساز اسمبلی اور محترمہ سحرش قمر ممبر قانون ساز اسمبلی نے بھی خطاب کیا۔ صدر آزادکشمیرسردار مسعود خان نے بعد ازیں ریسٹ ہائوس پلندری میں ضرورت مندوں میں سلائی مشینیں بھی تقسیم کیں ۔ اس موقع پر کمشنر پونچھ ڈویژن اور ضلعی انتظامیہ کے تمام آفیسران بھی موجود تھے۔