طلبا ء و طالبات کو ان کی دہلیز پر اعلیٰ تعلیمی سہولتیں فراہم کریں گے، سرکاری جامعات میں معیاری تعلیم کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے

صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان کا پلندری میں میرپور یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے سب کیمپس کے افتتاح کے موقع پرخطاب

پیر 30 جولائی 2018 17:25

اسلام آباد/پلندری ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جولائی2018ء) صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے طلبا ء و طالبات کو ان کی دہلیز پر اعلیٰ تعلیمی سہولتیں فراہم کریں گے اور آزاد کشمیر کی سرکاری جامعات میں معیاری تعلیم کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے، پلندری غازیوں اور شہیدوں کی سرزمین ہے اور یہاں کے لوگوں نے 1947ء میں ڈوگرہ مہاراج کے خلاف عًلم بغاوت بلند کیا اور خطہ کو آزاد کرانے میں اہم کردار ادا کیا، آج پلندری میں علم کا ایک نیا دریچہ کھل گیا ہے اور یہاں علم کی نئی شمعیں روشن ہوں گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پلندری میں میرپور یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے سب کیمپس کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

تقریب سے پنجاب کے نگران وزیر برائے انسانی حقوق ، اقلیتیں ، سماجی بہبود فیصل مشتاق ، وزیر خزانہ و صحت عامہ آزاد جموں وکشمیر ڈاکٹر نجیب نقی خان، ڈپٹی سپیکر آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی فاروق احمد طاہر، ممبر اسمبلی سحرش قمر اور وائس چانسلر میر پور یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر حبیب الرحمان نے بھی خطاب کیا۔

اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر محمد حلیم خان وائس چانسلر ویمن یونیورسٹی آف آزاد جموں وکشمیر باغ، ڈاکٹر منظور حسین خان سابق وائس چانسلر یونیورسٹی آف پونچھ، سیکرٹری صدارتی امور سردار محمد ظفر خان، ملٹری سیکرٹری صدر کرنل کاشف امین، بریگیڈیئر (ر) خورشید خان پرنسپل کیڈٹ کالج پلندری، بریگیڈیئر محمد اکبر سابق پرنسپل کیڈٹ کالج پلندری، ضلع ایڈمنسٹریٹر حاجی منشاء، ڈپٹی ڈائریکٹر میڈیا حماد رحیم، سردار عتیق الرحمان پرائیویٹ سیکرٹری صدر، مختلف کالجوں کے پرنسپل، سول سوسائٹی کے ممبران اور میڈیا کے نمائندگان بھی موجود تھے۔

صدر مسعود خان نے اپنے خطاب میں زور دیا کہ آزاد کشمیر کے تمام اضلاع اور دور دراز پسماندہ علاقوں میں اعلیٰ معیاری تعلیمی سہولیات فراہم کرنے کیلئے آزادکشمیر کی سرکاری جامعات کے سب کیمپسز کھولے جا رہے ہیں تاکہ آزادکشمیر کے طلباء و طالبات کو اپنے قرب وجوار میں ہی تعلیمی سہولیات میسر ہوں، ان سب کیمپسز میں نئے مضامین کا آغاز وقت کی ضرورت ہے۔

مسٹ کے سب کیمپس پلندری میں کمپیوٹر سسٹم انجینئرنگ ، فارسٹری، ٹورازم،انوائرمنٹل سائنسز، لاء اور مہمان نوازی جیسے مضامین پڑھائے جائیں گے۔ جس سے فار غ التحصیل طلباء آزادکشمیر میں سیر و سیاحت کو فروغ دینے ، مزید جنگلات اگانے اور ہوٹلنگ کو فروغ دینے کیلئے قیمتی اثاثہ ثابت ہوں گے۔ صدر آزاد کشمیر نے ہائیر ایجوکیشن کمیشن اور ڈاکٹر نجیب نقی خان کی کاوشوں کو سراہا جن کی بدولت پلندری میں مسٹ کے سب کیمپس کا افتتاح کیا گیا۔

صدر نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ ہم ریاست جموں وکشمیر میں ایک تعلیمی انقلاب برپا کریں اور ہر سطح پر بہترین تعلیمی ادارے قائم کریں۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں سیر و سیاحت کا بے پناہ رجحان اور اس سے آزادکشمیر کی معیشت کو دن دگنی رات چگنی ترقی دی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 200کلو میٹر سیاحتی راہداری پر بہت جلد کام شروع ہو جائے گا اور یہ سڑک آزادکشمیر کے چار سے پانچ اضلاع کو ایک دوسرے سے منسلک کرے گی، آزاد کشمیر کی خوبصورت ترین سیاحتی مراکز سے گزرے گی اور پاکستان اور دنیا بھر کے سیاحوں کو اپنی طرف کھینچے گی۔

صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ آج آزادکشمیر کی حکومت نے آزاد کشمیر میں سڑکوں کے انفراسٹرکچر ، زراعت ، سیاحت، صحت عامہ اور پن بجلی کے بے شمار منصوبے شروع کیے ہیںجس سے نہ صرف توانائی کا بحران مکمل طور پر ختم ہو جائے گا بلکہ یہاں کے لوگوں کو روزگار کے ہزاروں مواقع ملیں گے۔ صدر آزاد جموں وکشمیر نے کہا کہ ہمیں اس موقع پر اپنے مقبوضہ کشمیر کے بہن بھائیوں کو کبھی نہیں بھولنا چاہئے جو حق خود ارادیت کے حصول کے لئے جہد مسلسل جاری رکھے ہوئے ہے۔

صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ بین االاقوامی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں ، وہاں بلا جواز گرفتاریوں ، خواتین کی آبروریزی اور ان پر جنسی تشدد کا نوٹس لینا چاہئے۔ صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ اقوام متحدہ کے کمیشن برائے انسانی حقوق کی طرف سے جاری حالیہ رپورٹ خوش آئند ہے جس میںہندوستان کی طرف سے مقبوضہ کشمیر کے اندر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کاتفصیل سے ذکر کیا گیا ہے جس سے ہندوستان کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے آشکار ہو گیا ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر نجیب نقی خان نے کہا کہ اگرچہ آج میر پور یونیورسٹی آف سائنس ایند ٹیکنالوجی (مسٹ) کا سب کیمپس کھل رہا ہے یہ بہت جلد ایک مکمل یونیورسٹی بن جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سب کیمپس منگ کیلئے 2 کروڑ 21 لاکھ روپے آزاد کشمیر کے بجٹ سے مختص کئے جا چکے ہیں۔ ڈاکٹر نجیب نے کہا کہ انہوں نے پلندری کیلئے 30 کروڑ روپے کی واٹر سپلائی کا منصوبہ بھی منظور کرا لیا ہے، اس کے علاوہ پلندری میں فلڈ لائٹس کے تنصیب ہو چکی ہے ، اسٹیڈیم کا کام تکمیل کے مرحلے میں ہے۔

تقریب سے نگران وزیر پنجاب چوہدری فیصل مشتاق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں فخر ہے کہ ان کی والدہ کا تعلق اسی مردم خیز بستی پلندری سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ بابائے پونچھ کرنل خان محمد خان سے لے کر ڈاکٹر نجیب نقی تک تمام خانزادہ لوگوں کی شب وروز خدمت میں مصروف کار ہے۔ تعلیم اور سماجی ویلفیئر کے کاموں میں اس خاندان نے ہمیشہ بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔

انہوںنے کہا میرا ہر طرح سے تعاون اس خاندان کے ساتھ ہے اور رہے گا۔ تقریب سے سردار فاروق احمد طاہر ڈپٹی سپیکر قانون ساز اسمبلی اور سحرش قمر ممبر قانون ساز اسمبلی نے بھی خطاب کیا۔ صدر آزادکشمیرسردار مسعود خان نے بعد ازیں ریسٹ ہائوس پلندری میں ضرورت مندوں میں سلائی مشینیں بھی تقسیم کیں۔ اس موقع پر کمشنر پونچھ ڈویژن اور ضلعی انتظامیہ کے تمام آفیسران بھی موجود تھے۔