نیب کی کرپٹ سیاستدانوں کے خلاف کاروائیاں تیز

سابق وزیراعظم شوکت عزیزکیخلاف کرپشن ریفرنس دائر، ریفرنس میں سابق وفاقی وزیرپانی وبجلی لیاقت جتوئی بھی شریک ملزم ہیں۔اعلامیہ نیب

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 30 جولائی 2018 17:41

نیب کی کرپٹ سیاستدانوں کے خلاف کاروائیاں تیز
اسلام آباد(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔30 جولائی 2018ء) : نیب نے انتخابات 2018ء کے بعد کرپٹ سیاسی رہنماؤں کے خلاف اپنی کاروائیاں تیز کردی ہیں، نیب نے سابق وزیراعظم شوکت عزیزکیخلاف کرپشن ریفرنس دائرکرنے کی منظوری دے دی ہے، ریفرنس میں سابق وفاقی وزیرپانی وبجلی لیاقت جتوئی بھی شریک ملزم ہیں۔ اعلامیہ نیب کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس ر جاوید اقبال کی ہدایت پرسابق وزیراعظم شوکت عزیزکیخلاف کرپشن ریفرنس دائرکردیا گیا ہے۔

ریفرنس میں سابق وفاقی وزیرپانی وبجلی لیاقت جتوئی بھی شریک ملزم ہیں۔ سابق وفاقی سیکرٹری اسماعیل قریشی ، یوسف میمن ، ڈاکٹر نسیم خان بھی کرپشن ریفرنس میں شریک ملزمان ہیں۔ نیب حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان نے قواعدوضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بشارت حسن بشیر کوکنسلٹنٹ تعینات کیا تھا۔

(جاری ہے)

جبکہ بشارت حسن نے اپنی مدت ملازمت پوری ہونے کے بعد بھی ملازمت جاری رکھی۔

جس سے قومی خزانے کو بھاری مالی نقصان پہنچایا گیا۔ دوسری جانب مسلم لیگ ق کے رہنماء مونس الہی آف شور کمپنی کیس میں نیب لاہور کے تفتیشی افسران کے سامنے پیش ہو گئے۔نیب ذرائع کے مطابق مونس الہی کو آف شور کمپنی کیس میں طلبی کا نوٹس جاری کیا گیا تھا جس پر انہوں نے پیر کے روز نیب لاہور کی تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہو کر اپنا بیان قلمبند کروایا۔

انھوں نے نیب لاہور کی تحقیقاتی ٹیم کے سوالات کے جواب دیے اور اپنا ریکارڈ بھی فراہم کیا۔ مزید برآں اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیرنے نوازشریف کے خلاف العزیزیہ اورفلیگ شپ ریفرنسزکی سماعت کی سماعت کے دوران نیب پراسیکیوٹرسردارمظفر اورنوازشریف کے وکیل خواجہ حارث کے معاون وکلائ عدالت میں پیش ہوئے احتساب جج محمد بشیر نے خواجہ حارث کے بار ے میں پوچھا کہ وہ کہاں ہیں تو انہوں نے جواب دیا کہ وہ دوسرے کیسز میں مصروف ہیں وہ آج نہیں آئیں گے ۔

سعد ہاشمی نے عدالت کے روبرو دلائل دیتے ہوئے کہا کہ میںنے ہائی کورٹ اسلام آباد میں رٹ دائر کر رکھی ہے کہ آپ اس کیس کو نہ سنیں ۔ یہ کیس کسی اور عدالت میں منتقل کیا جائے۔ جب تک ہائی کورٹ کا فیصلہ نہیں آتا اس وقت تک سماعت ملتوی کر دیں جس پر احتساب جج محمد بشیر نے سماعت یکم اگست بروز بدھ تک ملتوی کر دی۔