آ زادکشمیر کے طلبا ء وطالبات کو ان کی دہلیز پر اعلیٰ تعلیمی سہولتیں فراہم کریں گے ، صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان

پیر 30 جولائی 2018 18:50

پلندری ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جولائی2018ء) صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ آزادکشمیر کے طلبا ء وطالبات کو ان کی دہلیز پر اعلیٰ تعلیمی سہولتیں فراہم کریں گے اور آزادکشمیر کی سرکاری جامعات میں کوالٹی ایجوکیشن کو یقینی بنائیں گے ۔ آج پلندری میں علم کا ایک نیا دریچہ کھل گیا ہے اور یہاں علم کی نئی شمعیں روشن ہونگی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پلندری کے مقام پر میر پور یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے سب کیمپس کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں زور دیا کہ آزادکشمیر کے تمام اضلاع اور دور دراز پسماندہ علاقوں میں اعلیٰ معیاری تعلیمی سہولیات فراہم کرنے کے لئے آزادکشمیر کی سرکاری جامعات کے سب کیمپسز کھولے جا رہے ہیں تاکہ آزادکشمیر کے طلباء و طالبات کو اپنے قرب وجوار میں ہی تعلیمی سہولیات میسر ہوں ۔

(جاری ہے)

صدر نے کہا کہ ان سب کیمپسز میں نئے مضامین کا آغاز وقت کی عین ضرورت ہے۔مسٹ کے سب کیمپس پلندری میں کمپیوٹر سسٹم انجینئرنگ ، فارسٹری، ٹورازم،انوائرمنٹل سائنسز، لاء اور مہمان نوازی جیسے مضامین پڑھائے جائیں گے۔ جس سے فار غ التحصیل طلباء آزادکشمیر میں سیر و سیاحت کو فروغ دینے ، جنگلات مزید اگانے اور ہوٹلنگ کو فروغ دینے کے لئے قیمتی اثاثہ ثابت ہونگے۔ صدر نے ہائیر ایجوکیشن کمیشن اور ڈاکٹر نجیب نقی خان کی کاوشوں کو سراہا جن کی بدولت آج پلندری میں مسٹ کے سب کیمپس کا افتتاح کیا جا رہا ہے۔ صدر گرامی نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ ہم ریاست جموں وکشمیر میں ایک تعلیمی انقلاب برپا کریں اور ہر سطح پر بہترین تعلیمی ادارے قائم کریں۔

متعلقہ عنوان :