مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں سے متعلق اقوام متحدہ کے کمیشن برائے انسانی حقوق کی رپورٹ حوصلہ افزا ء ہے ، وزیراعظم آزاد کشمیر

پیر 30 جولائی 2018 18:51

مظفر آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جولائی2018ء) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں سے متعلق اقوام متحدہ کے کمیشن برائے انسانی حقوق کی رپورٹ حوصلہ افزا ء ہے ساری کشمیری قوم اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن کا خیر مقدم کرتی ہے تارکین وطن اقوام متحدہ کے کمیشن کی رپورٹ بین الاقوامی برادری تک پہنچانے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں اور بھارت کا اصل چہرہ عالمی برادری کے سامنے بے نقاب کریں ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیئرمین جموں و کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کے چیئرمین راجہ نجابت حسین اور ڈائریکٹر جنرل کشمیر لبریشن سیل فدا حسین کیانی سے ملاقات کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے چیئرمین راجہ نجابت حسین نے وزیراعظم آزادکشمیر کو بین الاقوامی سطح پر مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے اور تحریک کی خدمات پر بریفنگ دی۔ اس موقع پر وزیراعظم آزادکشمیر کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کی بے پناہ قربانیوں کے بعد تحریک آزادی کشمیر عالمی سطح پر اجاگر ہوئی ہے اور دنیا کشمیریوں کی آواز سننے لگی ہے نہتے کشمیریوں نے بے پناہ مظالم کے باوجود پرامن مزاحمتی تحریک جاری رکھ کر بھارت کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن کی کشمیر بارے رپورٹ کا خیر مقدم کرتے ہیں او ریو این او سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کے ظلم و بربریت اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کا جائزہ لینے کے لیے بین الاقوامی فیکٹ فائنڈنگ مشن مقبوضہ کشمیر میں بھیجے تاکہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیاں عالمی برادری کے سامنے آ سکیں اور دنیا کو بھارت کا اصل چہرہ معلوم ہو سکے ۔اس موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر نے تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کی سیاسی اور سفارتی خدمات کو شاندار الفاظ میں سراہا۔