عوام نے منتخب کرکے جو اعتماد کا اظہار کیا ہے اس پرپورااترونگا،نومنتخب رکن اسمبلی سردار بابر خان موسی خیل

پیر 30 جولائی 2018 19:55

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جولائی2018ء) حلقہ پی بی 1موسی خیل ،شیرانی سے پی ٹی آئی کے نومنتخب رکن صوبائی اسمبلی سردار بابر خان موسی خیل نے کہاہے کہ علاقے کے غیور عوام نے انہیں منتخب کرکے ان پر جو اعتماد کا اظہار کیا ہے وہ اس اعتماد کو پورا کرنے کیلئے اپنی تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کیلئے ہر ممکن کوشش کریں گے ،انہوں نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف جس کے منشور میں تبدیلی کے ذریعے نئے پاکستان کی خوبصورت شکل عالمی سطح پر اجاگر کرنا ہے لہذا اس ضمن میں پی ٹی آئی کے منتخب تمام اراکین اسمبلی اپنے اپنے حلقوں میں پارٹی منشور کے تحت عوامی خدمت انجام دینے کیلئے کوئی کسر باقی نہیں چھوڑیں گے ،سردار بابر خان نے کہاہے کہ موسی خیل اور شیرانی کا علاقہ جیسے ماضی میں حکومتوں کی جانب سے نظر انداز کیا گیا اور ہمارے عوام اس ترقی کے دور میں بھی زندگی کے بنیادی سہولتوں سے محروم رہ گئے ہیں لہذا ن کی اولین کوشش ہوگی کہ اپنے حلقے کے عوام کو درپیش مسائل سے نجات دلانے کیلئے سنجیدہ کوشیش کریں ،انہوں نے کہاہے کہ تعلیم ،صحت اور امن وامان کی صورتحال بہتر بنانا ان کی ترجیحات میں شامل ہے ،انہوں نے اپنے حلقہ کے عوام جن میں علماء کرام ،قبائلی عمائدین ،سیاسی کارکنان اور حلقے کی ماں ،بہنیں ودیگر مستورات کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ہے جنہوں نے 25جولائی کو انہیں بطور اپنے نمائندہ منتخب کرکے اسمبلی بھیجا وہ اس عظیم اعتماد پرا ترنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے ۔