Live Updates

پرویز خٹک نے عمران خان کے فیصلے کیخلاف بغاوت کردی

سابق وزیراعلی اب بھی خیبرپختونخواہ کے وزیراعلی بننے کیلئے بضد، قومی اسمبلی کا حصہ بننے پر بھی عاطف خان کو وزیراعلی بنانے کی شدید مخالفت

muhammad ali محمد علی پیر 30 جولائی 2018 19:38

پرویز خٹک نے عمران خان کے فیصلے کیخلاف بغاوت کردی
پشاور (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔30 جولائی 2018ء) پرویز خٹک نے عمران خان کے فیصلے کیخلاف بغاوت کردی، سابق وزیراعلی اب بھی خیبرپختونخواہ کے وزیراعلی بننے کیلئے بضد، قومی اسمبلی کا حصہ بننے پر بھی عاطف خان کو وزیراعلی بنانے کی شدید مخالفت۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں 25 جولائی کو ہونے والے گیارہویں عام انتخابات میں تحریک انصاف نے تاریخ رقم کی۔

تحریک انصاف نے نا صرف وفاقی میں اکثریت حاصل کی، بلکہ پنجاب میں بھی حکومت بنانے کی پوزیشن میں آئی، اور خاص کر خیبرپختوںخواہ میں کلین سوئپ کیا۔ یہ پہلا موقع ہے جبکہ خیبرپختونخواہ میں کوئی سیاسی جماعت مسلسل 2 مرتبہ صوبائی حکومت حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہے۔ تاہم خیبرپختونخواہ میں کلین سوئپ مکمل کرنے کے باوجود تحریک انصاف مشکلات کا شکار ہے۔

(جاری ہے)

تحریک انصاف کو خیبرپختونخواہ کیلئے وزیراعلی نامزد کرنے کے معاملے پر اندرونی طور پر شدید اختلافات کا شکار ہے۔ تحریک اںصاف کے سربراہ عمران خان سابق وزیر تعلیم عاطف خان کو صوبے کا نیا وزیراعلی بنانے کے خواہش مند ہیں، تاہم پرویز خٹک بھی دوبارہ وزارت اعلیٰ سنبھالنے کیلئے بضد ہیں۔ پرویز خٹک کو عمران خان کی جانب سے تلقین کی گئی ہے وہ قومی اسمبلی کا حصہ بنیں، تاہم اس حوالے سے بھی سابق وزیراعلی خیبرپختونخواہ نے بڑی شرط عائد کی ہے۔

پرویز خٹک کا کہنا ہے کہ اگر انہیں قومی اسمبلی کا حصہ بنانا ہے، تو پھر بھی وہ عاطف خان کو وزیراعلی خیبرپختونخواہ بنانے کی حمایت نہیں کریں گے۔ اس حوالے سے ذرائع کا بتانا ہے کہ پرویز خٹک اپنے داماد کو خیبرپختونخواہ کا وزیراعلی بنوانا چاہتے ہیں۔ تاہم عمران خان پرویز خٹک کی اس خواہش کو کسی صورت پوری نہیں کریں گے۔ اس وقت عاطف خان ہی خیبرپختوںخواہ کی وزرات اعلی کیلئے مضبوط ترین امیدوار ہیں۔ اس حوالے سے حتمی اعلان ایک روز میں کر دیا جائے گا۔ وزیراعلی خیبرپختونخواہ کے نام کا اعلان خود تحریک اںصاف کے سربراہ عمران خان کریں گے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات