چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن پاکستان ڈاکٹر طارق بنوری کا پنجاب یونیورسٹی کا دورہ

پیر 30 جولائی 2018 20:08

لاہور۔30جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جولائی2018ء) چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن پاکستان ڈاکٹر طارق بنوری نے پنجاب یونیورسٹی کا دورہ کیا اور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد سمیت مختلف شعبہ جات کے سربراہان اور پی ایچ ڈی طلبائو طالبات سے الرازی ہال میں ملاقات کی۔ اپنے خطاب میں ڈاکٹر طارق بنوری نے کہا کہ پاکستان کی 15 بہترین یونیورسٹیوں کو دنیا کی پانچ سو اور ایشیا کی 100 بہترین یونیورسٹیوں میں لانے کے لئے پالیسیاں بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہائیر ایجوکیشن کیلئے حکومت جی ڈی پی کا ایک فیصد مختص کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ملکی و سماجی ترقی کے لئے نیشنل ریسرچ ایجنڈے کی تشکیل دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیوں میں فنڈز کا استعمال مزید فنڈنگ لینے کے لئے شفاف ہونا ضروری ہے تمام یونیورسٹیاں شفاف مالی نظام بنائیں۔

(جاری ہے)

انہو ںنے کہا کہ معیار تعلیم بہتر بنانے کے لئے اساتذہ اور طلباء کی نسبت بین الاقوامی معیار کے مطابق ہونی چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی پاکستان کا سب سے بہترین ادارہ ہے اور اس کا گریجویٹ ہونے پر فخر ہے۔ڈاکٹر طارق بنوری نے کہا کہ یونیورسٹیو ں میں غیر ملکی طلبہ اور اساتذہ کی تعداد بڑھائیں گے۔ بعد ازاں اساتذہ نے ہائیر ایجوکیشن کو بہتر بنانے کیلئے مختلف مسائل کی نشاندہی کی اور سفارشات دیں۔