لوئر گلیات کے علاقہ بانڈی میرا میں آصف نامی شخص کو معمولی تلخ کلامی پر قتل کر دیا گیا

پیر 30 جولائی 2018 20:13

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جولائی2018ء) ایبٹ آباد میں لوئر گلیات کے علاقہ بانڈی میرا میں آصف نامی شخص کو قتل کر دیا گیا، پولیس موقع پر پہنچ کر نعش کو ڈی ایچ کیو ہسپتال ایبٹ آباد لے آئی جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد نعش ورثاء کے حوالہ کر دی گئی، نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد مقتول کو سپرد خاک کر دیا گیا، پولیس نے رپورٹ درج کر کے ملزم کی تلاش شروع کر دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق بگنوتر کی حدود بانڈی میرا میں آصف ولد ولد جانداز کو قاتل ساجد عرف خان نے معمولی توں تکرار کے بعد قتل کر دیا، ورثاء نے نعش کو سڑک پر رکھ کر شدید احتجاج کرتے ہوئے ملزم کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ پولیس اور لواحقین نے مقتول کی نعش کو ڈی ایچ کیو ہسپتال ایبٹ آباد منتقل کیا جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد نعش ورثاء کے حوالہ کر دی گئی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ ملزم ساجد عرف خان اس سے قبل بھی قتل اور اقدام قتل جیسی سنگین وارداتوں میں ملوث رہا ہے۔ ملزم کی عدم گرفتاری کے باعث علاقہ میں یہ دوسرا واقعہ رونما ہوا ہے جو تھانہ بگنوتر پولیس سمیت ایبٹ آباد پولیس کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ورثاء نے اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ آصف کو بے گناہ قتل کیا گیا ہے، پولیس نے ملزم ساجد عرف خان کو کھلی چھٹی دے رکھی ہے، اس سے قبل بھی وہ اس طرح کی کارروائیوں میں ملوث رہا ہے، پولیس جان بوجھ کر اسے گرفتار نہیں کر رہی۔ واضح رہے کہ مقتول آصف 9 بہنوں کا اکلوتا بھائی تھا جسے بے دردی سے قتل کر دیا گیا۔