Live Updates

پرویز خٹک نے تحریک انصاف چھوڑنے کی دھمکی دینے کی خبروں کی تردید کردی

میڈیا میں میرے حوالے سے غلط خبریں پھیلائی جا رہی ہیں، علی امین گنڈاپور، شاہ فرمان، میں اور تحریک اںصاف کے دیگر تمام رہنما سب ایک ہیں، عمران خان جو بھی فیصلہ کریں گے قبول ہو گا: سابق وزیراعلی خیبرپختونخواہ

muhammad ali محمد علی پیر 30 جولائی 2018 20:28

پرویز خٹک نے تحریک انصاف چھوڑنے کی دھمکی دینے کی خبروں کی تردید کردی
پشاور (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔30 جولائی 2018ء)   پرویز خٹک نے تحریک انصاف چھوڑنے کی دھمکی دینے کی خبروں کی تردید کردی، میڈیا میں میرے حوالے سے غلط خبریں پھیلائی جا رہی ہیں، علی امین گنڈاپور، شاہ فرمان، میں اور تحریک اںصاف کے دیگر تمام رہنما سب ایک ہیں، عمران خان جو بھی فیصلہ کریں گے قبول ہو گا: سابق وزیراعلی خیبرپختونخواہ کی خصوصی پریس کانفرنس۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان میں 25 جولائی کو ہونے والے گیارہویں عام انتخابات میں تحریک انصاف نے تاریخ رقم کی۔ تحریک انصاف نے نا صرف وفاقی میں اکثریت حاصل کی، بلکہ پنجاب میں بھی حکومت بنانے کی پوزیشن میں آئی، اور خاص کر خیبرپختوںخواہ میں کلین سوئپ کیا۔ یہ پہلا موقع ہے جبکہ خیبرپختونخواہ میں کوئی سیاسی جماعت مسلسل 2 مرتبہ صوبائی حکومت حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

تاہم خیبرپختونخواہ میں کلین سوئپ مکمل کرنے کے باوجود تحریک انصاف مشکلات کا شکار ہے۔ تحریک انصاف کو خیبرپختونخواہ کیلئے وزیراعلی نامزد کرنے کے معاملے پر اندرونی طور پر شدید اختلافات کا شکار ہے۔ پیر کے روز سامنے آنے والی خبروں کے مطابق تحریک اںصاف کے سربراہ عمران خان سابق وزیر تعلیم عاطف خان کو صوبے کا نیا وزیراعلی بنانے کے خواہش مند ہیں، تاہم پرویز خٹک بھی دوبارہ وزارت اعلیٰ سنبھالنے کیلئے بضد ہیں۔

پرویز خٹک کو عمران خان کی جانب سے تلقین کی گئی ہے وہ قومی اسمبلی کا حصہ بنیں، تاہم اس حوالے سے بھی سابق وزیراعلی خیبرپختونخواہ نے بڑی شرط عائد کی ہے۔ پرویز خٹک کا کہنا ہے کہ اگر انہیں قومی اسمبلی کا حصہ بنانا ہے، تو پھر بھی وہ عاطف خان کو وزیراعلی خیبرپختونخواہ بنانے کی حمایت نہیں کریں گے۔ اس حوالے سے ذرائع کا بتانا ہے کہ پرویز خٹک اپنے داماد کو خیبرپختونخواہ کا وزیراعلی بنوانا چاہتے ہیں۔

تاہم عمران خان پرویز خٹک کی اس خواہش کو کسی صورت پوری نہیں کریں گے۔ اس وقت عاطف خان ہی خیبرپختوںخواہ کی وزرات اعلی کیلئے مضبوط ترین امیدوار ہیں۔ اس حوالے سے حتمی اعلان ایک روز میں کر دیا جائے گا۔ وزیراعلی خیبرپختونخواہ کے نام کا اعلان خود تحریک اںصاف کے سربراہ عمران خان کریں گے۔ دوسری جانب پرویز خٹک نے پیر کے روز سامنے آنے والی خبروں سے متعلق خصوصی پریس کانفرنس کرکے وضاحت جاری کی ہے۔

پرویز خٹک کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف چھوڑنے کی دھمکی دینے کی خبریں بے بنیاد ہیں۔ میڈیا میں میرے حوالے سے غلط خبریں پھیلائی جا رہی ہیں۔ علی امین گنڈاپور، شاہ فرمان، میں اور تحریک اںصاف کے دیگر تمام رہنما سب ایک ہیں۔ خیبرپختونخواہ کی وزارت اعلی کے حوالے سے عمران خان جو بھی فیصلہ کریں گے قبول ہو گا۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات