چیئر مین ہائر ایجوکیشن کمیشن کا یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور کا دورہ

پیر 30 جولائی 2018 20:57

لاہور۔30جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جولائی2018ء) چیئر مین ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر طارق بنوری نے یونیورسٹی آف انجنیئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور کا دورہ کیا اور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فضل احمد خالد سمیت جامعہ کے مختلف تعلیمی و انتظامی شعبہ جات کے سربراہان سے ملاقات کی۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ انجنیئرنگ کے شعبہ میں معیاری تعلیم اور تحقیق کے فروغ میں یو ای ٹی کا کردار نہایت اہمیت کے حامل رہاہے ۔

چیئر مین ہائر ایجوکیشن کمیشن نے کہا کہ انجنیئرنگ یونیورسٹی کا شمار ملک کی بہترین جامعات میں ہوتا ہے اور اس کی ترقی ایچ ای سی کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔علاوہ ازیں انہوں نے کئی دہائیوں پر محیط یو ای ٹی لاہور کے کردار کو سراہا۔ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فضل احمد خالدنے چیئر مین ایچ ای سی کو جامعہ کے تعلیمی اور انتظا می امور کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی ٹیکنیکل تعلیم کے ساتھ ساتھ ریسرچ کے فروغ کے حوالے سے اپنا بھر پور کردار ادا کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

انجنیئرنگ یونیورسٹی پاکستان کی ان چند یونیورسٹیوں میں شامل ہے جن میں کثیر تعداد میں ملکی اور غیر ملکی معروف یونیورسٹیوں کے پی ۔ایچ ۔ڈی ڈاکٹر خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔وائس چانسلر نے مزید کہا کہ جامعہ تمام اسٹرٹیجک اداروں کے ساتھ ٹیکنالوجی ، مہارتوں، تربیت اور دیگر تکنیکی امور میں مکمل تعاون کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔ اس موقع پرجامعہ کے تمام ڈینز ، چیئرمین ، رجسٹرار محمد آصف اور پبلک ریلیشنز آفیسر موجود تھے۔