عوام تک صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات ہیں، سردارتنویرالیاس

ایک صحت مند اور تعلیم یافتہ معاشرے کے باعث ہی ملک کو مضبو ط، مستحکم اور ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے،صوبائی نگران وزیر

پیر 30 جولائی 2018 21:03

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جولائی2018ء) نگران صوبائی وزیرزراعت، خوراک ،پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ پنجاب سردارتنویرالیاس نے کہا ہے کہ عوام الناس تک صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت عوام کو بلا تفریق صحت اور تعلیم کی بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے لئے تمام ممکنہ وسائل فراہم کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک صحت مند اور تعلیم یافتہ معاشرے کے باعث ہی ملک کو مضبو ط، مستحکم اور ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار بے نظیر بھٹو شہید ہسپتال راولپنڈی کے دورے کے موقع پر گفتگو کر تے ہوئے کیا۔میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ، ڈی ایم ایس کے علاوہ ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف و افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے بے نظیر بھٹو ہسپتال میں زیر علاج مریضوں کی عیادت کی اور ان میں امدادی رقوم بھی تقسیم کیں اور مریضوں سے علاج معالجے کی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا جس پر مریضوں نے ہسپتال کی طرف سے مہیا کی جانے والی سہولیا ت پر اطمینان کا اظہار کیا۔

صوبائی وزیرنے اس موقع پر ہدایت کی کہ مریضوں کے امراض کی بروقت شخیض اور علاج معالجے کے لیے تمام ممکنہ سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے ۔صوبائی وزیر نے اس موقع پر آپریشن تھیٹر کے لئے ضروری آلات کی فراہمی و مرمت کے لئے چھ لاکھ روپے عطیہ کا اعلان کیا ۔انہوں نے ینگ ڈاکٹرز کو درپیش مسائل بھی سنے اور ان کے تدارک کے لئے عمل درآمد کی یقین دہانی کرائی۔