Live Updates

انتخابات میں بدترین دھاندلی کی گئی، منظم منصوبے کے تحت سیکولر،لبرل، مذہبی پاپولرلیڈرشپ کو پارلیمان سے باہر کر دیا گیا، قادرمگسی

پیر 30 جولائی 2018 21:40

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جولائی2018ء) سندھ ترقی پسند پارٹی کے چیئرمین ڈاکٹر قادر مگسی نے الزام لگایا ہے کہ انتخابات میں بدترین دھاندلی ہوئی ہے اور ایک منظم منصوبے کے تحت ملک کی سیکولر لبرل مذہبی پاپولر لیڈرشپ کو ووٹ کے ذریعے پارلیمان سے باہر کر دیا گیا ہے تاکہ کوئی اصل حکمرانوں کے خلاف آواز اٹھانے والا ایوانوں میں نہ آئے، جن کو پولنگ اسٹیشنوں کی حفاظت کی ذمہ داری سونپی گئی تھی انہوں نے ہی پولنگ کے عملے کو یرغمال بنایا اور بڑے پیمانے پر دھاندلی کی گئی۔

وہ ایس ٹی پی ہائوس میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے، اس موقع پر ڈاکٹر عبدالحمید میمن، عبدالفتاح سمیجو اور دیگر رہنماء بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ایس ٹی پی کے چیئرمین ڈاکٹر قادر مگسی نے انتخابات میں پارٹی کی ناکامی کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے اپنے عہدے سے استعفیٰ دینے کا بھی اعلان کیا اور کہا کہ بدترین انتخابی دھاندلیوں کی وجہ سے ہم نتائج کو مسترد کرتے ہیں، ڈاکٹر قادر مگسی نے کہا کہ پارلیمنٹ میں اصل حاکموں کے خلاف جو سیکولر لبرل مذہبی پاپولر قیادت آواز اٹھا سکتی تھی اسے ووٹ کے نتائج تبدیل کرکے ایوانوں سے باہر کر دیا گیا اس طرح طاقتور آوازیں بند کرنے کی کوشش کی گئی ہے، انہوں نے کہا کہ پارٹی نے ایک آرگنائزنگ کمیٹی تشکیل دی ہے ہم اپنی تنظیمی کمزوریوں سے بخوبی آگاہ ہیں عوام سے رابطوں کا فقدان رہا لیکن پھر بھی ہمارے امیدواروں نے جاگیرداروں اور وڈیروں کا انتخابی عمل کے دوران ڈٹ کا مقابلہ کیا، ہم انتخابی نتائج سے مایوس نہیں ہیں، انہوں نے کہا کہ ہم کبھی خوش فہمی کا شکار نہیں رہے ہمیشہ اپنے نظرئیے اور اصولوں پر قائم رہے ہیں اور ناکامیوں کے باوجود ان سے دستبردار نہیں ہوئے، انہوں نے کہا کہ ایک منظم منصوبے کے تحت انتخابات میں تحریک انصاف پیپلزپارٹی اور جی ڈی اے کی ہر طرح حمایت کی گئی، انہوں نے کہا کہ ہم نے کبھی بھی کنگ پارٹیوں کے ساتھ اتحاد نہیں کیا ہم نے نوازشریف کی بھی مخالفت کی تھی، انہوں نے کہا کہ نوازشریف کو اپنی حکومت کے دور میں جو کام کرنے چاہیے تھے وہ انہوں نے نہیں کئے جس کی سزا آج وہ بھگت رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ تاریخ کی بدترین دھاندلی کی گئی جن لوگوں کو ذمہ داری سونپی گئی تھی کہ وہ پولنگ اسٹیشنوں پر غنڈہ گردی کو روکیں انہوں نے ہی پولنگ اسٹیشنوں اور عملے کو یرغمال بنایا اور من پسند نتائج کے ذریعے یہ پیغام دیا گیا کہ غریب طبقات کو اسمبلیوں میں جانے کا کبھی سوچنا بھی نہیں چاہیے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات