پیپلزپارٹی سندھ میں حکومت بنانے کے بعد ترقیاتی کام مزید تیز کرے گی ،عبدالجبار خان

پیر 30 جولائی 2018 21:52

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جولائی2018ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے نومنتخب رکن صوبائی اسمبلی عبدالجبار خان نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی سندھ میں حکومت بنانے کے بعد ترقیاتی کام مزید تیز کرے گی ۔ ماضی میں مراد علی شاہ اور قائم علی شاہ کی حکومتوں نے دن رات محنت کرکے سندھ میں صحت، تعلیم ، سڑکوں کے جال بچھائے، پینے کے صاف پانی ، سیوریج کے مسائل سمیت دیگر عوامی مسائل کے حوالے سے ریکارڈ ترقیاتی کام کرائے ۔

(جاری ہے)

سندھ کے سب سے پسماندہ علاقے تھرپارکر کے لاکھوں افراد کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے مراکز قائم کئے گئے ، اسی طرح کراچی کے بعد حیدرآباد، ٹنڈومحمدخان، لاڑکانہ سمیت دیگر اضلاع میں دل کے امراض کے علاج کیلئے این آئی سی وی ٹی یونٹ بنائے گئے ہیں جہاں لوگوں کا مفت علاج کیاجارہا ہے اور ہزاروں غریب افراد اس سہولیات سے فائدہ اُٹھارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سندھ میں پیپلزپارٹی کی حکومت کے قیام کے بعد بینظیربھٹو کے مشن کے مطابق مزید تعمیروترقی کے کام کرائے جائیں گے۔