سندھ میں بدترین انتخابی دھاندلیاں کی گئی ہیں ، کرپشن کے بادشاہ سے این آر او کرکے اسے اقتدار دیا گیا ہے،قومی عوامی تحریک

پنجاب میں کرپشن کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں اور سندھ میں کرپٹ سیاستدانوں کو رعایتیں دینے سے عوام کی بدحالی میں اضافہ ہو گا ،سید عالم شاہ/انورسومرو

پیر 30 جولائی 2018 22:37

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جولائی2018ء) قومی عوامی تحریک کے سینئر رہنماء سید عالم شاہ، مرکزی جنرل سیکریٹری انور سومرو اور مظہر راہو ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ سندھ میں بدترین انتخابی دھاندلیاں کی گئی ہیں اور کرپشن کے بادشاہ سے این آر او کرکے اسے اقتدار دیا گیا ہے، پنجاب میں کرپشن کے خلاف بڑے پیمانے پر کاروائیاں اور سندھ میں کرپٹ سیاستدانوں کو رعایتیں دینے سے عوام کی بدحالی میں اضافہ ہو گا اور اس سے آئین اور قانون کی بالادستی پر بھی سوالات اٹھیں گے۔

(جاری ہے)

ایک مشترکہ بیان میں قومی عوامی تحریک کے ان مرکزی رہنمائوں نے کہا کہ آئین اور قانون پر عملدرآمد سب کے لئے برابر ہونا چاہیے لیکن سندھ میں این آر او کرکے کرپشن کے بادشاہ کو اقتدار میں لایا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ بدتر کرپٹ اور اچھے کرپٹ کی تھیوری ختم ہونی چاہیے کیونکہ کرپشن ایک کینسر ہے جس نے ہر ادارے کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے اور اس کے نتیجے میں امن سلامتی استحکام اور ترقی سب کچھ تباہ ہو کر رہ گیا ہے، تعلیم صحت اور دیگر شعبوں میں بربادی انتہا کو پہنچ چکی ہے، انہوں نے کہا کہ کرپٹ عناصر کے خلاف جب تک بلاامتیاز کاروائی نہیں کی جائے گی پورے ملک خصوصاً سندھ میں کوئی بہتری نہیں آئے گی، انہوں نے کہا کہ حالیہ انتخابات میں تاریخ کی بدترین دھاندلی کی گئی ہے اور عوام کے مینڈیٹ پر رات کی تاریکی میں ڈاکہ ڈالا گیا ہے اور نتائج تبدیل کئے گئے ہیں، انہوں نے کہا کہ جن حکمرانوں نے 10 سال تک عوام کی دولت پر ڈاکہ ڈالا اربوں روپے ہڑپ کئے اور عوام کو شہری سہولتوں سے محروم کر دیا ان ڈاکوئوں کو دوبارہ عوام پر مسلط کیا گیا ہے تاکہ وہ مزید رہی سہی کسر بھی پوری کردیں، انہوں نے مطالبہ کیا کہ سندھ میں سابقہ کرپٹ وزیروں کو گرفتار کیا جائے عدالتی کمیشن تشکیل دے کر انتخابی دھاندلیوں کی تحقیقات کرائی جائے اور جن حلقوں میں نتائج متنازعہ ہیں وہ دوبارہ انتخابات کرائے جائیں۔