چیف سیکرٹری کی الیکشن کنٹرول روم کے افسران، ملازمین کی تعریف، تعریفی اسناد دینے کا اعلان

پیر 30 جولائی 2018 22:37

لاہور۔30جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جولائی2018ء) چیف سیکرٹری پنجاب اکبر درانی نے الیکشن کے موقع پر کنٹرول روم سول سیکرٹریٹ میں فرائض سر انجام دینے والے افسران اور ملازمین کی حوصلہ افزائی کیلئے ان سے خصوصی ملاقات کی،انہوں نے محکمہ داخلہ اور پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے افسران اور ملازمین کی شاندار کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ محنت اور جذبے سے کام کرنے کے باعث پر امن الیکشن کے انعقاد کا قومی فریضہ بطریق احسن سر انجام پایا۔

انہوںنے کہا کہ تمام محکموں با الخصوص فیلڈ افسران اور پولیس نے الیکشن کے ضابطہ اخلاق پر عمل در آمد کیلئے قابل قدر خدمات سر انجام دیں، انہوں نے کہا کہ محنتی افسران اور ملازمین کی حوصلہ افزائی سے محنت ،لگن اور خلوص نیت سے کام کرنے کے جذے کو فروغ ملے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے امید ظاہر کی کہ سرکاری ملازمین مستقبل میں بھی اسی جذبے سے کام جاری رکھیں گے۔ انہوں نے افسران اور ملازمین کیلئے تعریفی اسناد دینے کا اعلان بھی کیا۔ افسرا ن اور ملازمین نے چیف سیکرٹری پنجاب کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ حوصلہ افزائی ان کے لیے ایک عزاز ہے ۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری طارق نجیب نجمی ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ کیپٹن (ر)نسیم نواز اور سیکرٹری بلدیات عارف انور بلوچ بھی اس موقع پر موجود تھے ۔