آباؤ اجداد کی نشستوں پر منتخب ہوکر عوام کے دیئے گئے مینڈیٹ کو کسی صورت ٹھیس نہیں پہنچائیں گے

،نوابزداہ شازین بگٹی پورے ڈویژن میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھاکر بے یارومددگار عوام کی خدمت کریں گے،نومنتخب رکن قومی اسمبلی

پیر 30 جولائی 2018 23:15

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جولائی2018ء) جمہوری وطن پارٹی کے مرکزی صدر و نومنتخب رکن قومی اسمبلی نوابزداہ شازین بگٹی نے کہا ہے کہ آباؤ اجداد کی نشستوں پر منتخب ہوکر عوام کے دیئے گئے مینڈیٹ کو کسی صورت ٹھیس نہیں پہنچائیں گے نہ صرف ڈیرہ بگٹی بلکہ پورے ڈویژن میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھاکر بے یارومددگار عوام کی خدمت کریں گے،وزارتوں کے حصول کیلئے جدوجہد نہیں کی حکومت کا حصہ بن کر عوام کی خدمت کریں گے۔

یہ بات انہو ں نے منگل کو کوئٹہ پہنچنے پر بگٹی ہاؤس میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی اس موقع پر سید صالح آغا،نوراللہ وطن دوست ، چوہدری نوید اور دیگر پارٹی رہنما بھی موجود تھے۔نوابزادہ شازین بگٹی نے کہا کہ جس طرح 25جولائی کو نوجوانوں ،بزرگوں اور خواتین نے گھروں سے نکل کر ڈیرہ بگٹی کے حقیقی نمائندوں کے حق میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا ہم انکے شکر گزار ہیں اورانکے اعتماد کو کسی صورت ٹھیس نہیں پہنچائیں گے ڈیرہ بگٹی میں ترقیاتی کاموں کا وقت آگیا ہے علاقے کے بے یارومدگار شہریوں کیلئے نہ صرف جدید ہسپتال قائم کریں گے بلکہ ڈیرہ بگٹی میں سڑکوں کا جال بچھائیں اور بہتر تعلیم کیلئے بھر پوراقدامات اٹھائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ماضی کے حکمرانوں نے صرف اور صرف خوبصورت عمارتیں قائم کیں جس میں نہ عملہ تھا اور نہ ہی کوئی دیگرسہولیات دستیاب تھیں صرف عوام کو خوش کرنے کیلئے بلند وبانگ دعوے کئے گئے لیکن نواب اکبر بگٹی کے مشن کو آگے لیکر چلتے ہوئے ڈیرہ بگٹی کے شہریوں سے کئے گئے وعدے پورے کریں گے اور علاقے میں عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے فلٹریشن پلانٹ اور سوئی گیس کی فراہمی کیلئے ایل ایم جی پلانٹ لگائے جائیں گے تاکہ عوام کو گیس کی سہولت کے ساتھ ساتھ پینے کا صاف پانی میسر ہو اور بجلی کی لوڈشیڈنگ سے نجات دلانے کیلئے بھر پوراقدامات اٹھائے جائیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں نوابزادہ شازین بگٹی نے کہا کہ حکومت سازی کے حوالے سے مسلم لیگ(ن) کے صدر میاں شہباز شریف اور بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سرداراختر جان مینگل نے رابطہ کیا ہے تاہم اب تک ہم نے دونوں جماعتوں کو حکومت سازی کے حوالے سے کوئی جواب نہیں دیا پارٹی کے قائدین سے صلاح مشورے کے بعد کسی بھی جماعت کی حمایت کا فیصلہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری جدوجہد کا مقصد پرکشش وزارتیں اور کرپشن نہیں بلکہ ہم نے ڈیرہ بگٹی کے عوام سے کئے گئے وعدے پوریں گے۔ ایک اور سوا ل کے جواب میں نوابزادہ شازین بگٹی نے کہاکہ25جولائی کو ہونے والے انتخابات صاف اور شفاف تھے جس کا وعدہ آرمی چیف اور الیکشن کمیشن نے کیا تھا اس لئے بلوچستان کے عوام کے حقیقی نمائندے جیت کا ایوانوں میں آئے ہیں۔