پاکستان کوارٹرز میں پولیس کی کارروائی شرمناک اور اشتعال کا باعث ہے،حافظ نعیم الرحمن

سپریم کورٹ میں سماعت سے صرف ایک دن قبل بے دخل کر نے کی کوشش افسوسناک اور قابلِ مذمت ہے ،امیرجماعت اسلامی کراچی

پیر 30 جولائی 2018 23:16

پاکستان کوارٹرز میں پولیس کی کارروائی شرمناک اور اشتعال کا باعث ہے،حافظ ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جولائی2018ء) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے پولیس کی جانب سے اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے عملے کے ساتھ پاکستان کوارٹرز کے مکینوں کی بے دخلی کی کوشش کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے تومعزز سپریم کورٹ کے سامنے وفاقی حکومت کی جانب سے صحیح صورت حال پیش نہیں کی گئی اور جب وہاں کے مکینوں نے محترم چیف جسٹس کے سامنے خود پیش ہو کر صورتحال رکھ دی اور سپریم کورٹ میں سماعت کے لیے 31جولائی مقرر ہے تو سماعت سے ایک روز قبل دن کے وقت جب صرف عورتیں اور بچے گھروں میں ہوتے ہیں اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی پولیس کی بھاری نفری کے ساتھ کارروائی شرمناک ہے اور اشتعال پھیلانے کا باعث ہے ۔

انہوں نے کہا کہ کوارٹرز کے مکینوں کو کوئی بے یارومدد گار نہ سمجھے اگر گذشتہ منتخب ارکان اسمبلی نے اس معاملہ پر اپنی بے حسی کا ثبوت دیا اور موجودہ بھی حکومت کے مزے لوٹنے میں مصروف ہو گئے ہیں تو جماعت اسلامی اس سلسلہ میں بھر پور قدم اٹھائے گی۔

(جاری ہے)

وفاقی حکومت کو چاہیے کہ وہ ہوش کے ناخن لے۔ یہ مسئلہ نگران حکومت مستقل حکومت کے حوالے کرے۔ ہمیں بھر پور اُمید ہے کہ منتخب حکومت اس مسئلہ کو مستقل بنیادوں پر حل کرئے گی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ یہاں کے مکینوں کو لیز اور مالکانہ حقوق دیئے جائیں کیونکہ یہ لوگ نہ کرایہ دار ہیں اور نہ قابض بلکہ مالک ہیں۔