سونگھ کر منشیات کا پتا چلانے والے کتے کی مہارت سے سمگلروں کے گروہ پریشان۔ کتے کے سر کی قیمت لگا دی

Ameen Akbar امین اکبر پیر 30 جولائی 2018 23:25

سونگھ کر منشیات کا پتا چلانے والے کتے کی مہارت سے سمگلروں کے گروہ  پریشان۔ ..

کولمبین نیشنل پولیس نے اپنے  کتے سومبرا کی مدد سے منشیات  کے سمگلروں  کے  لیے مشکلات کھڑی کر دیں ہیں۔ سومبرا نامی کتیا سونگھ کر منشیات کا پتا چلاتی ہے۔ سومبرا کی اس صلاحیت نے منشیات  کے سمگلروں کو اس کا دشمن بنا دیا ہے۔ اس دشمنی کے باعث پولیس نے اپنی اس ”ساتھی“ کو محفوظ  ائیر پورٹ پر تعینات کر دیا ہے۔ اس کے دورے کے دوران بہت سے پولیس آفیسرز اس کے ساتھ ہوتے ہیں۔


6 سالہ جرمن شیفرڈ  نے پچھلے چند سالوں سے منشیات کے سمگلروں کے لیے کافی مشکلات کھڑی کی ہوئی ہیں۔ سومبرا کی وجہ سے اب تک 200 سے زیادہ گرفتاریاں ہوچکی ہیں۔ اس نے 9 ٹن سے زیادہ  منشیات پکڑی ہے۔
منشیات کےکارٹلز کے خلاف جنگ میں سومبرا کو ہیرو کی حیثیت حاصل ہو گئی ہے۔ سومبرا کی صلاحیتوں سے پریشان منشیات کے سمگلروں کی ایک تنظیم نے اس کے سر کی قیمت لگا دی ہے۔

(جاری ہے)

اورابینوس نامی تنظیم نے سومبرا کا سر لانے والے کے 20 ملین سے 200 ملین کولمبین پیسوز(7000 ڈاہر سے 70 ہزار ڈالر) کے انعام کا اعلان کیا ہے۔
پولیس کے ترجمان نے دی ٹیلیگراف کو بتایا کہ وہ سومبرا کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں، انہوں نے اسے پکڑنے اور مارنے کے لیے بڑےا نعام کا اعلان کیا ہے، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ سومبرا نے ان کے منافع میں اچھی خاصی کمی کر دی ہے۔


اپنی کامیابیوں کی بدولت سومبرا کولمبیا کی انسداد منشیات کی کوششوں کا چہرہ بن گئی ہے۔ سومبرا نے کولمبیا کی خطرناک  منشیات  کے سمگلروں کے گروہ کا اچھا خاصا نقصان پہنچایا ہے۔ اورابینوس ایک مسلح گروہ ہے اور کولمبیا میں سب سے زیادہ منشیات کو یہی کنٹرول کرتا ہے۔ پچھلے دنوں اینٹی نارکوٹکس پولیس نے اپنے ٹوئٹ میں سومبرا کو اورابینوس کے سربراہ کے لیے عذاب قرار دیا تھا۔


سومبرا کی حفاظت کےلیے کولمبین حکام نے اسے اورابینوس کے گڑھ سمجھے جانے والے علاقے کے ائیرپورٹ سے قدرے دور اور محفوظ ائیر پورٹ پر منتقل کر دیا ہے۔
سومبرا نے پہلی بار 2016 میں خبروں میں جگہ بنائی تھی۔ سومبرا نے اس وقت کیلوں سے بھرے ایک ٹرک سے 2958 کلوگرام کوکین ہائیڈروکلورائیڈ پکڑاوائی تھی۔ پچھلے سال مئی میں اس نے 1.1 ٹن کوکین پکڑی تھی، جسے بیلجیم لے جایا جا رہا تھا۔ اس سے اگلے ماہ اس نے 5.3 ٹن کوکین پکڑی، جسے ملک سے باہر لے جایا جا رہا تھا۔ سومبرا کی وجہ سے 245 افراد گرفتار ہو چکے ہیں۔ ایسے میں اوربینوس کی طرف سے سومبرا کی ہلاکت کے لیے ہزاروں ڈالر خرچ کرنا کوئی بڑی بات نہیں۔