Live Updates

بھارتی وزیر اعظم مودی کی عمران خان کو الیکشن میں کامیابی پر مبارک باد

پاکستان میں جمہوریت کی جڑیں مزید گہری ہوں گی ،ْ نریندر مودی کا نئی حکومت کے ساتھ تعاون کا عزم پاکستان میں چین کے سفیر یائو جنگ کی بھی تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے ملاقات ، انتخاب میں کامیابی پر چینی کمیونسٹ پارٹی کی قیادت کی جانب سے دلی مبارکباد

پیر 30 جولائی 2018 23:38

بھارتی وزیر اعظم مودی کی عمران خان کو الیکشن میں کامیابی پر مبارک باد
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جولائی2018ء) پاکستان میں چین کے سفیر یائو جنگ نے انتخاب میں کامیابی پر چینی کمیونسٹ پارٹی کی قیادت کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو دلی مبارکباد دی ہے۔ پیر کو پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق پاکستان میں چین کے سفیر یائو جنگ نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے بنی گالہ میں ملاقات کی۔

اس موقع پر سینئر مرکزی رہنما جہانگیر ترین اور ڈاکٹر شہزاد وسیم بھی موجود تھے۔ انتخاب میں کامیابی پر چینی کمیونسٹ پارٹی کی قیادت کی جانب سے دلی مبارکباد دی اور انتخابات کے بعد خطاب میں چین کے بارے میں چیئرمین تحریک انصاف کے خیالات کا خیرمقدم کیا۔

(جاری ہے)

چینی سفیر نے کہا کہ دونوں ممالک کے بانیان کی جدوجہد تاریخ میں منفرد مقام کی حامل ہے، پاکستان کے انتظامی ڈھانچہ میں اصلاحات اور قانون کی بالادستی کے حوالہ سے تحریک انصاف کے وژن کی حمایت کرتے ہیں۔

چینی سفیر نے کہا کہ پاکستان میں غربت کے خاتمہ کے حوالہ سے چیئرمین تحریک انصاف کا وژن قابل تعریف ہے۔ انہوں نے کہا کہ معیشت، سفارت اور عالمی معاملات میں پاکستان کی بھرپور معاونت جاری رکھیں گے۔چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے چینی سفیر کا بھرپور خیرمقدم اور تہنیتی پیغامات اور نیک تمناؤں کے اظہار پر چینی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف چین کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کو نہایت اہمیت کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ غربت کے خاتمہ کیلئے چین کے تجربات سے بھرپور استفادہ کریں گے۔ عمران خان نے کہا کہ ماحولیات کے تحفظ اور ایکو سولائزیشن کے فروغ کیلئے چین کے ساتھ اشتراک میں دلچسپی رکھتے ہیں، سبز ترقی، نیشنل پارکس اور قابل تجدید توانائی کے فروغ میں بھی چین کی کامیابیوں سے فائدہ اٹھانا چاہیں گے۔ دوسری جانب بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور متوقع وزیراعظم عمران خان کو الیکشن 2018 میں کامیابی پر مبارک باد دی۔

ذرائع کے مطابق بھارتی وزیراعظم نے عمران خان کو مبارک باد بذریعہ ٹیلی فون دی۔ نجی ٹی وی کے مطابق عمران خان سے گفتگو میں نریندر مودی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں جمہوریت کی جڑیں مزید گہری ہوں گی۔ نجی ٹی وی کے مطابق نریندرا مودی نے عمران خان کیلئے نیک تمنائوں کا اظہار کرتے ہوئے نئی حکومت کے ساتھ تعاون کا عزم ظاہر کیا ۔عمران خان نے بات چیت کے ذریعے تنازعات حل کرنے کا عزم ظاہر کیا اور کہا کہ جنگوں سے تنازعات کا حل ممکن نہیں ۔

تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے نریندرا مودی کے ٹیلی فون کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نے عمران خان کو مبارکباد دی ہے اور نئی حکومت کیساتھ تعاون کے عزم کا اظہار کیا ہے۔اس سے قبل افغان صدر اشرف غنی اور کئی دیگر عالمی رہنما بھی عمران خان کو فون پر الیکشن جیتنے کی مبارک باد دے چکے ہیں۔ یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ نے الیکشن میں کامیابی کے بعد پہلے خطاب میں بھارت کو مذاکرات کی تجویز پیش تھی تاکہ کشمیر سمیت تمام تنازعات کا پر حل تلاش کیا جائے ۔

یاد رہے کہ بھارت نے 2016ء میں پٹھان کوٹ میں فضائیہ کے ایک مرکز پر شدت پسندوں کے مبینہ حملے کے بعد پاکستان کے ساتھ مذاکرات منسوخ کر دیئے تھے جو اب تک شروع نہیں ہوئے ہیں ۔ عمران خان نے اپنے خطاب میں کہا تھا کہ مذاکرات کیلئے بھارت ایک قدم آئے بڑھے گا تو پاکستان دو قدم آگے بڑھائیگا ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات