افریقا کے اس گاؤں میں انسان اور مگر مچھ ایک ساتھ سکون سے رہتے ہیں

Ameen Akbar امین اکبر پیر 30 جولائی 2018 23:44

افریقا کے اس گاؤں میں انسان اور مگر مچھ ایک ساتھ سکون سے رہتے ہیں
دنیا بھر میں کئی تہذیبوں میں جانوروں کی کافی عزت کی جاتی ہے بلکہ کچھ جگہوں تو ان کی پوجا بھی کی جاتی ہے۔جیسے ہندومت میں گائے کو مقدس مانا جاتاہے۔ عام  طور پر مقدس سمجھے جانے والے جانورکافی شریف یا بندر کی طرح شریر ہو سکتے ہیں۔مگرمچھ  ایک خطرناک جانور ہے لیکن اس کی عبادت بھی قدیم زمانے سے کی جا رہی ہے۔ قدیم مصر میں اسے سوبک نامی خدا کا اوتار مان کر اس کی عبادت کی جاتی تھی۔

   دلچسپ بات یہ ہے کہ مگرمچھوں کی عبادت آج بھی کی جارہی ہے۔
برکینا فاسو میں دارالحکومت واگادوگو سے 30 کلومیٹر کے فاصلے پر ایک چھوٹا سے گاؤں بازول کے ایک تالاب میں 150 کے قریب مغربی افریقین مگرمچھ ہیں۔ یہاں کے لوگوں کو مگرمچھوں کےساتھ رہنےمیں کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ یہاں کے لوگ مگرمچھوں کے قریب جاتے ہیں، ان پر بیٹھ جاتے ہیں اور ان کے ساتھ لیٹ بھی جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

روایات کے مطابق15 ویں صدی میں  مگرمچھوں نے گاؤں والوں کی زندگی بچانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ شدید خشک سالی اور قحط کے زمانے میں مگرمچھوں نے کچھ لوگوں کی رہنمائی اس نامعلوم تالاب تک  کی۔ اس سے نہ صرف ان لوگوں کو زندہ رہنے میں مدد ملی بلکہ انہوں نے اسی جگہ گاؤں آباد کر لیا۔ تالاب کی دریافت میں مدد دینے پر گاؤں کے لوگ آج تک مگرمچھوں کے شکرگزار ہیں اور ان کے ساتھ ہی رہتے ہیں۔

گاؤں کے لوگ اپنے ساتھی انسانوں کی طرح مگرمچھوں کے مرنے کے بعد ان کی آخری رسومات ادا کرکے ان کی تدفین کرتے ہیں۔ گاؤں کے لوگ ہر سال مگرمچھوں کے اعزاز میں کوم لیکرے کے نام سے ایک تہوار بھی مناتے ہیں۔مگر مچھوں کو احترام دینےکا نتیجہ یہ نکلا ہے کہ پچھلے 70 سالوں سے اس گاؤں میں مگرمچھوں کی وجہ سے کسی شخص کو ذرا سا نقصان بھی نہیں پہنچا۔ گاؤں کی عورتیں تالاب پر ہی کپڑے دھوتی ہیں۔

مگرمچھ تالاب کےکنارے درختوں اور پودوں کے نزدیک جمع ہو جاتے ہیں۔
اس گاؤں کے انوکھے مگرمچھوں کو دیکھنے کے لیے ہرسال بہت سے سیاح آتے ہیں۔ سیاح مقامی گائیڈ کے ساتھ مرغیاں خریدتے ہیں اور ان سے مگرمچھوں کو لبھا کر تالاب سے باہر نکالتے ہیں اور اس کے بعد ان کے ساتھ تصاویر بنواتے ہیں۔ زیادہ بہادر سیاح تو مگرمچھ کے اوپر بھی بیٹھ جاتے ہیں۔

سیاحت اس گاؤں کے لیے کافی منافع بخش صنعت ہے لیکن حالیہ سالوں میں مذہبی شدت پسندی میں اضافے کے باعث سیاحوں کی تعداد میں بھی خاطر خواہ کمی ہوئی ہے۔
دنیا میں یہ واحد گاؤں نہیں جہاں انسان اور مگرمچھ اکٹھے رہتے ہوں، گھانا کے ایک گاؤں پاگا میں  بھی ایک تالاب میں 100 سے زیادہ مگرمچھ رہتے ہیں۔ مقامی افراد کاکہنا ہے کہ آج تک کوئی بھی مقامی شخص مگرمچھوں کی وجہ سے ہلاک نہیں ہوا۔

متعلقہ عنوان :