پنجاب پولیس نے عام انتخابات کوپرامن بناکر لازوال تاریخ رقم کی،پوری فورس مبارکباد کی مستحق ہے، آئی جی پنجاب ڈاکٹر سید کلیم امام

منگل 31 جولائی 2018 00:10

لاہور۔30جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2018ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر سید کلیم امام نے کہا ہے کہ پنجاب پولیس نے سکیورٹی خدشات کے باوجودعام انتخابات کوپرامن بناکر لازوال تاریخ رقم کی ہے، ملکی اور عالمی سطح پرپنجاب پولیس کے پروفیشنلزم کی تعریف پر پوری فورس مبارکباداورشاباش کی مستحق ہے۔ انہوںنے مزید کہا کہ پنجاب پولیس نے نہ صرف انتخابی مہم کے دوران مکمل غیر جانبداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ضابطہ اخلاق کی پاسداری کو یقینی بنایا بلکہ سپیشل برانچ کی طرف سے بروقت فراہم کردہ اہم معلومات پرخطرناک دہشت گردوں کے متعدد منصوبوں کو ناکام بناتے ہوئے انہیں گرفتار بھی کیا گیااور پولیس افسران و اہلکاروں نے شدید موسم میں طویل ڈیوٹی اوقات کے باوجود مکمل فرض شناسی اور ٹیم سپرٹ کے ساتھ قابل تحسین انداز میں فرائض سر انجام دے کرفرض شناسی کی قابل تقلید مثالیں قائم کیں ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ پروفیشنلزم کے اعلی معیارکی بدولت پولنگ ڈے پر صوبہ بھر میں پولیس پرجانبداری یا کسی غیر قانونی کارروائی میں ملوث ہونے کا کوئی الزام سامنے نہیں آیا ۔انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ پروفیشنلزم کا یہی معیار برقرار رکھتے ہوئے بہترین رویے سے عوامی خدمت کرتے ہوئے لوگوں کے دل جیتیں اور سماج دشمن عناصر کے خلاف بلا امتیاز سخت کارروائیاں جاری رکھی جائیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روزپولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں پولنگ ڈے پربہترین فرائض سرانجام دینے والے پولیس افسران و اہلکاران کے اعزازمیں شاندار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ آئی جی پنجاب نے افسروں اور اہلکاروںسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب پر عوام کی جان و مال اور عزت و آبرو کی حفاظت کے لئے بھاری ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں لہذا پولیس فورس کے افسر و اہلکا ر عوام کی مدد کے جذبہ سے سرشار ہو کر اپنی ذمہ داریاں سر انجام دیں اور پولیس قانون پسند شہریوں کا ساتھ دیتے ہوئے سماج دشمن عناصر کے خلاف مکمل غیر جانبداری سے کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھے۔

تقریب کاباقاعدہ آغازتلاوت قرآن پاک ونعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآل وسلم سے کیاگیاجس کے بعد پنجاب پولیس کے شہداء کے ایصال ثواب کیلئے دعاکی گئی،تقریب میں سی سی پی اولاہوربی اے ناصر، ڈی آئی جی آپریشنزلاہورشہزاداکبر، ڈی آئی جی انوسٹی گیشن سیدخرم علی شاہ، ڈی آئی جی سکیورٹی ڈویژن شوکت عباس، ایس ایس پی ایڈمن عثمان اکرم گوندل،چیف ٹریفک آفیسرکیپٹن(ر) لیاقت علی ملک، ایس ایس پی انوسٹی گیشن ملک اویس، ایس ایس پی ڈسپلن طارق عزیز، آپریشنز، انوسٹی گیشن، ٹریفک، اینٹی رائٹ یونٹ، موبائلزسکواڈ، سی آراو، سی آئی اے، ایس پی ہیڈکوارٹرزعاطف نذیر، ایس پی موبائلزمحمد ندیم، ایس پی سی آروسیدعبدالرحیم شیرازی، ایس پی لیگل رانالطیف و انعام حاصل کرنے والے افسران واہلکاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

آئی جی پنجاب نے پولنگ ڈے پر اعلی کارکردگی دکھانے والے افسران و اہلکاروں میں سی سی ون سرٹیفیکیٹس ، نقد انعام اور یادگاری شیلڈز تقسیم کیں ۔انہوں نے افسران اور اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہاکہ الیکشن کے دوران پنجاب پولیس کی بہترین پرفارمنس کی بنیادی وجہ اہلکاروںکی ایمانداری ، فرض شناسی اور حب الوطنی کے جذبہ سے سرشار ہو کر پیشہ ورانہ فرائض سر انجام دینے کے ساتھ ساتھ پنجاب پولیس کی بہترین کوارڈی نیشن اور ٹیم ورک ہے جس کا سلسلہ مستقبل میںبھی جاری رہنا چاہیے ۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ محنت ، فرض شناسی اور ایمانداری سے فرائض سر انجام دینے والے افسروں اور اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کا سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔ سی سی پی او بشیر احمد ناصر نے پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ آمد پر آئی جی پنجاب کا شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ لاہور پولیس کے 33ہزار افسرا ن و جوانوں نے 3885پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ ڈے پر بہترین خدمات سر انجام دیں اور اپنی جانوں کی پرواہ نہ کرتے ہوئے پوری انتخابی مہم کے دوران غیر جانبداری برقرار رکھتے ہوئے فرائض سر انجام دئیے، انہوں نے مزید کہا کہ مستقبل میں بھی لاہور پولیس اسی جذبے کے ساتھ کام جاری رکھے گی۔

تقریب کے اختتام پر آئی جی پنجاب ڈاکٹر سید کلیم امام نے افسران و اہلکاروں کے ساتھ بڑے کھانے کی تقریب میں بھی شرکت کی۔