سی پیک کے تحت کراچی میں پاکستان سٹیل ملز کی جگہ اقتصادی زون پر کام جاری،

اقتصادی زون کے لئے 1500 ایکڑ اراضی حاصل کر لی گئی

منگل 31 جولائی 2018 12:04

سی پیک کے تحت کراچی میں پاکستان سٹیل ملز کی جگہ اقتصادی زون پر کام جاری،
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2018ء) چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ (سی پیک) کے تحت سند ھ کے ضلع کراچی میں پاکستان سٹیل ملز کی جگہ اقتصادی زون پر کام جاری ہے، اقتصادی زون کے لئے 1500 ایکڑ اراضی حاصل کی جاچکی ہے اورصنعتی بستی کے قیام کیلئے اقدامات کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔

(جاری ہے)

وزارت منصوبہ بندی میں قائم سی پیک سیکرٹریٹ کے حکام نے اے پی پی کو بتایا کہ اقتصادی زون میں پھلوں اوراشیائے خوراک کی پرنٹنگ اینڈ پیکنگ ،سٹیل ، آٹو اینڈ الائیڈ ، فارما ، کیمیکل ، گارمنٹس اوردیگر متعلقہ صنعتوں کے قیام اوران کے لئے سہولیات پر توجہ دی جائے گی۔

ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ اس علاقے میں صنعتی بستی کے قیام کی تجویز صوبائی حکومت کی طرف سے آئی تھی اور اس میں وفاقی حکومت کی طرف سے کوئی مداخلت نہیں کی گئی ہے ۔ حکام کے مطابق سی پیک کے دوسرے مرحلے کے تحت پاکستان میں چین کے تعاون سے صنعتی انقلاب برپا ہوگا۔ اس مرحلہ میں ملک کے چاروں صوبوں ‘ گلگت بلتستان ‘ فاٹا اور آزاد کشمیر میں مجموعی طورپر 9 صنعتی زونز بنائیں جائیں گے ۔