Live Updates

پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان کا میانوالی کی این اے 95 کی نشست رکھنے کا فیصلہ

پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان باقی چار نشستیں چھوڑ دیں گے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 31 جولائی 2018 14:38

پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان  کا میانوالی کی این اے 95 کی نشست رکھنے کا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 31 جولائی 2018ء) : پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان نے میانوالی کی این اے 95 کی نشست رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان میانوالی کے حلقہ این اے 95 سے جیتی ہوئی نشست رکھیں گے جبکہ باقی ساری نشستیں چھوڑ دیں گے۔ یاد رہے کہ عمران خان نے عام انتخابات 2018ء میں پانچ حلقوں سے انتخاب لڑا تھا اور پانچوں حلقوں میں ہی مخالف اُمیدوار کو شکست دے کر کامیاب ہوئے تھے۔

پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان نے کراچی، لاہور، اسلام آباد، بنوں اور میانوالی کی نشستوں پر مخالف اُمیدواروں کے مقابلے میں واضح برتری حاصل کی تھی۔ پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان نے پانچوں حلقوں سے جیت کر ایک نیا ریکارڈ قائم کر دیا تھا۔

(جاری ہے)

عمران خان نے این 53 اسلام آباد پر سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی، کراچی سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 43 پر ایم کیو ایم پاکستان کے علی رضا عابدی،عمران خان میانوالی میں اپنے آبائی حلقہ این اے 95 میں مسلم لیگ ن کے عبید اللہ شادی خیل، لاہور کے حلقے این اے 131 پر مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق اور بنوں کے حلقہ این اے 35 سے متحدہ مجلس عمل کے اُمیدوار اکرم درانی کو شکست دی تھی۔

عام انتخابات میں پانچوں حلقوں سے کامیاب ہونے کے بعد عمران خان کو اپنی ایک نشست رکھ کر باقی نشستیں چھوڑنا تھیں جس پر حتمی فیصلہ کرتے ہوئے عمران خان نے اپنے آبائی حلقہ میانوالی کے حلقہ این اے 95 سے جیتی ہوئی نشست رکھ کر باقی نشستیں چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ عمران خان کو سب سے زیادہ ووٹ ان کے آبائی حلقہ میں ہی ڈالے گئے تھے۔ عمران خان کی چھوڑی ہوئی نشستوں پر دوبارہ سے ضمنی انتخابات کروائے جائیں گے۔ ضمنی انتخابات کے لیے تاحال پاکستان تحریک انصاف نے اُمیدواروں کا اعلان نہیں کیا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات