شوٹنگ بال کھیل کے فروغ میں ایسوسی ایشن کا کردار قابل تحسین ہے

منگل 31 جولائی 2018 16:51

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2018ء) ہر شعبے میں سیکھنے کے عمل کو جاری رہنا چاہئے، اس سے نہ صرف ذہنی نشوونما بلکہ ٹیلنٹ کو نکھارنے میں مدد حاصل ہونے کے ساتھ ساتھ انسان اپنے مقصد میں کامیابی سمیٹ سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار معروف سیاسی و سماجی رہنماء محمد سلیم خمیسانی نے کورنگی میں یوتھ سمر کوچنگ کیمپ کی تقریب میں زیر تربیت کھلاڑیوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب سے پاکستان یوگا سپورٹس فیڈریشن کے سیکریٹری اطلاعات محمد ارشد نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر شوٹنگ بال سمیت کھیلوں کے دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات بھی موجود تھیں۔ سلیم خمیسانی نے کہاکہ سمر کوچنگ کیمپ کا انعقاد ایک احسن قدم ہے، نصابی تعطیل کے دوران بچوں کو صحت مند سرگرمیوں سے روشناس کرنا منتظمین کا مثالی کارنامہ ہے، ایسے تربیتی کیمپ کا انعقاد تعلیم اور کھیل سمیت ہر شعبے میں جاری رہنا چاہئے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پاکستان یوگا سپورٹس فیڈریشن کے سیکریٹری اطلاعات محمد ارشد نے کہاکہ کھیلوں کے تمام شعبوں کو فروغ دے کر صحت مند معاشرے کو تشکیل دے سکتے ہیں، اس حوالے سے سپورٹس ارگنائزرز کے ساتھ حکومتی سطح پر اقدامات ضروری ہیں۔ قبل ازیں سمر کوچنگ کیمپ آمد پر کراچی شوٹنگ بال ایسوسی ایشن کے سیکریٹری محمد اجمل نے مہمان خصوصی سلیم خمیسانی اور محمد ارشد کو اجرک کا تحفہ پیش کیا۔

متعلقہ عنوان :