Live Updates

نومنتخب وزیراعظم کی تقریب حلف برداری ایوان صدرمیں ہوگی

صدرممنون حسین نومنتخب وزیراعظم سے حلف لیں گے،عمران خان نے وزارت عظمیٰ کا حلف ڈی چوک یا پریڈ گراؤنڈ میں اٹھانےکی خواہش ظاہرکی تھی۔ذرائع ایوان صدر

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 31 جولائی 2018 18:45

نومنتخب وزیراعظم کی تقریب حلف برداری ایوان صدرمیں ہوگی
اسلام آباد(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔31 جولائی 2018ء) : نومنتخب وزیراعظم کی تقریب حلف برداری ایوان صدر میں ہی ہوگی، صدر ممنون حسین نومنتخب وزیراعظم سے حلف لیں گے،عمران خان نے وزارت عظمیٰ کا حلف ڈی چوک یا پریڈ گراؤنڈ میں اٹھانے کی خواہش ظاہر کی تھی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ذرائع ایوان صدر کا کہنا ہے کہ عمران خان کی بطور وزیراعظم حلف اٹھانے کی تقریب ایوان صدر میں ہی ہوگی۔

تاہم ایوان صدر کے علاوہ ڈی چوک یا پریڈ گراؤنڈ میں تقریب حلف برداری کا انعقاد نہیں کیا جائے گا۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے عام انتخابات 2018ء میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد خواہش کا اظہار کیا تھا کہ وزارت عظمیٰ کیلئے تقریب حلف برداری کا انعقاد ڈی چوک یا پریڈ گراؤنڈ میں کی جائے گی۔اسی طرح تحریک انصاف نے ڈی چوک جہاں پرپی ٹی آئی نے نوازشریف کی حکومت کی دور میں 2014ء میں 126دن کا دھرنا دیا تھا۔

(جاری ہے)

ڈی چوک کوڈیموکریسی چوک کا نام دینے کی خواہش کا اظہار بھی کیا تھا۔تاہم اب ایوان صدر کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ایوان صدر میں نومنتخب وزیراعظم کی تقریب حلف برداری کیلئے انتظامات شروع کردیے گئے ہیں۔ وزیراعظم کے حلف اٹھانے کی تقریب کا انعقا دایوان صدر میں ہی ہوگا۔ جہاں پر صدر مملکت ممنون حسین نومنتخب وزیراعظم سے حلف اٹھائیں گے۔ ذرائع نے بتایا کہ کسی کی بھی خواہش پرحلف برداری کی تقریب کا انعقاد کسی اور مقام پر نہیں ہوسکتا۔

دوسری جانب تحریک انصاف نے مرکز ، پنجاب ، خیبرپختونخواہ اور بلوچستان میں حکومت بنانے کیلئے جوڑ توڑ شروع کردیے ہیں۔ تحریک انصاف نے مرکز اور پنجاب میں آزاد امیدواروں، ق لیگ کے ساتھ ملکر حکومت بنانے جبکہ بلوچستان میں بی اے پی کے ساتھ مخلوط حکومت بنانے پر اتفاق کرلیا ہے۔ اس کے برعکس اپوزیشن جماعتوں نے بھی قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیوں میں حکومت کو ٹف ٹائم دینے کیلئے لائحہ عمل مرتب کرنا شروع کردیا ہے۔ اس کے ساتھ اپوزیشن جماعتوں نے دھاندلی کیخلاف احتجاج کرنے پربھی اے پی سی طلب کرلی ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات