بھارت گرفتاریوں ، چھاپوں اور دیگر ظالمانہ ہتھکنڈوں کے ذریعے جموں و کشمیر کی بین الاقوامی طورپر تسلیم شدہ متنازعہ حیثیت تبدیل نہیں کر سکتا، محمد اشرف صحرائی

منگل 31 جولائی 2018 19:03

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جولائی2018ء) مقبوضہ کشمیرمیںکل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنماء اور تحریک حریت جموںوکشمیر کے چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے کہاہے کہ بھارت گرفتاریوں ، چھاپوں اور دیگر ظالمانہ ہتھکنڈوں کے ذریعے جموںوکشمیر کی بین الاقوامی طورپر تسلیم شدہ متنازعہ حیثیت کو تبدیل نہیں کر سکتا۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محمد اشرف صحرائی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ بھارتی حکمرانوں کی طرف سے حریت رہنمائوں کو خوفزدہ کرنے کیلئے تحقیقاتی ادارے این آئی اے کو سیاسی ہتھکنڈے کے طورپر استعمال ناکام ثابت ہو گا ۔

انہوںنے دخترا ن ملت کی غیر قانونی طورپر نظربند سربراہ آسیہ اندرابی کی سرینگر میں رہائش گاہ پر چھاپے کی شدید مذمت کی ۔

(جاری ہے)

جموںوکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے بھی ایک بیان میں دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی کی رہائش گاہ پر این آئی اے کے چھاپے کی مذمت کی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ کشمیری دفعہ35Aکے ساتھ کسی قسم کی چھیڑ چھاڑ کو برداشت نہیں کریں گے جس کے تحت جموںوکشمیر کے پشتنی باشندوں کو خصوصی حقوق اور منفرد شناخت حاصل ہے ۔

ادھرکشمیر بار ایسوسی ایشن سے وابستہ وکلاء کی بڑی تعداد نے دفعہ35-Aکو منسوخ کرنے کی بھارتی سازشوں کے خلاف اسلام آباد قصبے میں احتجاجی مارچ کیا۔ وکلاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر ’’دفعہ 35-A کا تحفظ کرو ، ہماری شناخت کو بچائو،ہم دفعہ 35-Aکے تحفظ کے لیے پرعزم ہیں‘‘جیسے نعرے درج تھے ۔معاشرے کے مختلف طبقوں سے تعلق رکھنے والی 27تنظیموں کے نمائندوں نے سرینگرمیں ایک پریس کانفرنس میں جموںوکشمیر میں نافذ مورثی سٹیٹ سبجیکٹ قانون کا تحفظ کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔

بھارتی گورنر نے کشمیر کے سیاسی نظربندوں کے خلاف ایک اور ظالمانہ اقدام کرتے ہوئے کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت نظربند کشمیریوں کوبھارتی جیلوں میں منتقل کرنے پر قانونی قدغن ختم کردی ہے۔ پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت نظربند کشمیریوں کو اب ریاست سے باہر بھارت کی جیلوں میں نظربند کیا جاسکتا ہے۔ ادھرعالمی شہریت یافتہ میگزین نیشنل جیوگرافک کی ویب سائٹ پر رانیا ابوزیدکا ’’کشمیر میں جنگ سے بری طرح متاثرہ لوگ‘‘ کے زیر عنوان ایک مضمون مقبوضہ کشمیر میںکھینچی گئی تصاویر کے ساتھ شائع ہوا ہے ۔

کشمیر کونسل یورپی یونین کے چیئرمین علی رضا سید نے ایک بیان میں کہا کہسدرک گربے ہائے کی تصاویر کی بین الاقوامی اشاعت سے مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کودرپیش مسائل اجاگر کرنے میں مدد ملی ہے۔