مریدکے،جی ٹی روڈ پر موٹر سائیکلوں کے دو حادثات ، دو نوجوان جاں بحق، چار شدید زخمی

منگل 31 جولائی 2018 22:46

مریدکی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 31 جولائی2018ء) جی ٹی روڈ پر موٹر سائیکلوں کے دو حادثات کے دوران دو نوجوان جاں بحق جبکہ چار شدید زخمی ہو گئے۔نا معلوم افراد جاں بحق ہونے والے نوجوانوں کی موٹر سائیکل بھی لے اڑے۔ پولیس نے ضروری کارروائی شروع کر دی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ رات کے وقت نا معلوم گاڑی کی ٹکر سے کھوڑی کے قریب دو موٹر سائیکل نوجوان جاں بحق ہو گئے۔

نیشنل ہائی وے اینڈ موٹر وے پولیس کے پہنچنے تک نا معلوم افراد جاں بحق ہونے والے نوجوانوں کی موٹر سائیکل بھی لے اڑے۔ حادثہ کا شکار نوجوانوں میں سے ایک کی جیب سے امتیاز ساکن ایمن آباد (گوجرانوالہ) کا قومی شناختی کارڈ ملا ہے تاہم دوسرے کے بارے میں تاحال علم نہیں ہو سکا۔ دوسرا حادثہ جی ٹی روڈ پر سوئی گیس آفس کے سامنے پیش آیا جہاں محنت مزدوری کے لیے جانے والے تین کزن محمد ندیم، عمران اور دستگیر ٹوٹ پھوٹ کا شکار سڑک کے باعث گر کر زخمی ہو گئے اور پیچھے سے آنے والی تیزر فتار مسافر ویگن نے انہیں کچل کر شدید زخمی کر دیا ۔

(جاری ہے)

ایک معمولی زخمی کو تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال مریدکے جبکہ دو کو جنرل ہسپتال لاہور منتقل کر دیا گیا ہے۔ تیسرا حادثہ جی ٹی روڈ کالا شاہ کاکو پر ٹال پلازہ کے قریب پیش آیا جہاں تیز رفتار مسافر بس نے ٹیکس کی ادائیگی کے لیے کھڑی کار کو ٹکر ما ر دی جس کے نتیجے میں اس میں سوار ڈرائیور شدید زخمی ہو گیا جسے ہسپتال روانہ کر دیا گیا ہے۔