ْپیپلز پارٹی نے ہمیشہ جمہوریت اورپارلیمان کو مضبوط بنانے کیلئے جدوجہد کی ہے ، بلاول بھٹو

پیپلز پارٹی اپنے نظریئے کو فروغ کیلئے پارلیمان کا فورم استعمال کرے گی ، نومنتخب ارکان اسمبلی کے اعزاز میں ظہرانے سے خطاب

بدھ 1 اگست 2018 00:12

ْپیپلز پارٹی نے ہمیشہ جمہوریت اورپارلیمان کو مضبوط بنانے کیلئے جدوجہد ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 جولائی2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ جمہوریت اورپارلیمان کو مضبوط بنانے کے لئے جدوجہد کی ہے پیپلز پارٹی اپنے نظریئے کو فروغ کے لیئے پارلیمان کا فورم استعمال کرے گی ۔ وہ منگل کو بلاول ہاس میں پیپلزپارٹی کے نومنتخب ارکان اسمبلی کے اعزاز میں دیے جانے والے ظہرانے اورپارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔

اس موقع پرسابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف،پیپلزپارٹی خواتین ونگ کے صدر فریال تالپور، سینیٹ میں قائد حزب اختلاف شیری رحمان،سابق وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ، خورشید احمد شاہ، نثار احمد کھوڑو، سینیٹر رضا ربانی اور مراد علی شاہ بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مشکلات اور دھاندلی کے باوجود پیپلز پارٹی نے 2013ع کے مقابلے میں 2018ع کے انتخابات میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ کچھ اپوزیشن جماعتوں نے نئی پارلیمنٹ کا بائیکاٹ کرنے کی تجویز دی تھی، لیکن ہم نے انہیں ایسا نہ کرنے پر قائل کرلیا پیپلزپارٹی نے انہیں پارلیمان میں شامل ہونے اور جمہوریت کے لئے لڑنے پر قائل کیا یہ جمہوری سوچ کی کامیابی ہے، گو کہ ہمیں انتخابی عمل پر تحفظات ہیں۔بلاول بھٹو زرداری نے اس امرپر زور دیا کہ ہمیں سندھ میں کارگردگی مزید بہتربنانے اورعوامی امیدوں پرپورااترنے کے لیے مسائل حل کرنے پرزیادہ توجہ دینا ہوگی کیونکہ ہم ایک نئے دور میں داخل ہو رہے ہیں جہاں اچھی حکمرانی اور بہتر کارکردگی نئی صوبائی حکومت کا ظرہ امتیاز ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا، "ہم اس عوام کومایوس نہیں چھوڑ سکتے جنہوں نے ہمیں پارلیمنٹ میں بھیجا ہے،بین الاقوامی اور اقتصادی محاذ پرہمیں بہت بڑے چیلنجز کا سامنا ہے جبکہ دیگر سیاسی جماعتیں انتہائی اہم مسائل پرتوجہ اتنی توجہ نہیں دیتیں جتنی پیپلزپارٹی کا منشوراسے اہمیت دینے اورانہیں حل کرنے پرزوردیتا ہے۔